تمام جامعات،اسلام آبادکے تعلیمی ادارے ہفتے میں3دن بند

تمام جامعات،اسلام آبادکے  تعلیمی ادارے ہفتے میں3دن بند

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )کفایت شعاری مہم کے تحت ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی یونیورسٹیاں ہفتے میں 4 دن کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو ملک بھر میں جامعات بند رہیں گی۔

یونیورسٹیوں اور سرکاری تعلیمی اداروں میں جمعہ کو آن لائن کلاسز لی جاسکتی ہیں۔ حکومتی فیصلہ کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی ہفتہ میں تین دن بند رہیں گے ۔ جمعہ ہفتہ اور اتوار کو تعلیمی اداروں میں چھٹی ہوگی جبکہ ہفتے میں چار دن تدریسی سرگرمیاں جاری رکھی جا ئیں گی ۔ ایف ڈی ای کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق اسلام آباد میں اس کے دائرہ کار میں آنے والے تمام تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات تک آن کیمپس تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے ، اس کا اطلاق اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں قائم ماڈل کالجز، سکولز اور ایکس-ایف جی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ایف ڈی ای نے تمام ایریا ایجوکیشن آفیسرز اور اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں۔دریں اثنا ’’پیرا‘‘ نے وفاقی دارالحکومت میں نجی تعلیمی اداروں کے لیے چار روزہ تعلیمی ہفتہ نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں قائم تمام نجی تعلیمی ادارے پیر سے جمعرات تک آن کیمپس تدریسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے جبکہ جمعہ کو تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں