انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،گورنر پنجاب
پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کیلئے میں اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر ہے ، آئی جی سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے پولیس عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے ۔جرائم کی روک تھام کے لئے موثر اور بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں ۔ انتشار پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس اہلکاروں کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نئے تعینات ہونے والے آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم اور ہوم سیکرٹری پنجاب احمد جاوید قاضی سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہا ئوس لاہور میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے وہ اور وزیراعلیٰ پنجاب ایک پیج پر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری حکومت پر ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس کو صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک سے مکمل طور پر دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔