بھارت کی دھمکی آمیز ز بان جاہلانہ حرکت ہے ،خواجہ آصف
راج ناتھ سنگھ کیلئے واضح پیغام،پاکستان کی تیاری مکمل،ردعمل فیصلہ کن ہوگا ایٹمی طاقتوں میں جنگ کا تصور بھی ناقابل فہم اور خطرناک نتائج کا حامل ہوگا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کا ایک سال مکمل ہونے پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا دہرایا جانے والا بیانیہ مایوسی اور واضح بے چینی کا عکاس ہے ،ایک بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ میں راج ناتھ سنگھ کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کا تصور بھی ناقابل فہم اور خطرناک نتائج کا حامل ہوگا، امن اور علاقائی استحکام کے لئے پاکستان کی تیاری مکمل ہے ہمارا آئندہ ردِعمل تیز، متوازن اور فیصلہ کن ہوگا، انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن بین الاقوامی طور پر بھی ثابت نہیں ہوسکا اور اس نے بھارت کے خود ساختہ بحرانوں پر انحصار کو ہمیشہ کے لئے بے نقاب کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے اس نوعیت کی دھمکی آمیز زبان نئی نہیں بلکہ ایک متوقع جاہلانہ حرکت ہے ، یہ بالکل واضح ہے کہ بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں کو بیرونی بنا کر پیش کرتا ہے ، گمراہ کن الزامات کی آڑ میں کشیدگی کو ہوا دیتا ہے تاکہ مخصوص سیاسی مفادات حاصل کیے جاسکیں، تاریخی طور پر یہ واضح ہے کہ ناکام مہم جوئی کے ہمیشہ سنگین نتائج برآمد ہوتے ہیں ، بھارت کے لئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی سٹر ٹیجک اور سفارتی دائرے میں بڑھتی ہوئی بے چینی کا سامنا کرے ۔