اسلام آباد ہائیکورٹ: 190 ملین پاؤنڈ کیس کی آج سماعت

اسلام آباد ہائیکورٹ: 190 ملین پاؤنڈ کیس کی آج سماعت

کاز لسٹ جاری ،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کرینگے بشریٰ کی سزا معطلی،عمران سے وکیل کی ملاقات کی درخواست پربھی سماعت ہوگی عمران کی بہنوں کا دھرنا ، نعرے بازی،پی ٹی آئی کاپھرسماعت ملتوی پراظہارافسوس

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ،خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا کیس آج سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کر دی ۔چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف سماعت کرینگے ، مزید براں اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواست پر اپیل سے پہلے فیصلہ کرنے کی متفرق درخواست آج سماعت کیلئے مقررکر دی گئی۔ بانی پی ٹی آئی سے وکیل کی ملاقات کرانے کی متفرق درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دونوں درخواستوں پر سزا معطلی درخواستوں کے ساتھ سماعت ہو گی۔

قبل ازیں چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی میں مصروفیات کے 190 ملین پاؤنڈ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی درخواستوں پر پہلے سنگل اور بعد ازاں ڈویژن بینچ کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی، جس کے باعث مذکورہ کیس میں سزا معطلی درخواستوں پر بھی سماعت نہ ہو سکی۔ادھر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں نے ہائیکورٹ کے باہر دھرنا دیا اور رہائی کے حق میں نعرے بازی کی۔ علیمہ خان نے کہا جب تک سماعت کی نئی تاریخ نہیں دی جاتی، دھرنا ختم نہیں کرینگے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدر نے ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا ہم نے چیف جسٹس کے آفس میں احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ، آج صبح کیس مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا 24 ویں مرتبہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ آئے ،آج بھی مایوس کیا گیا،انصاف ہوتا ہوا نظر آناچاہیے ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہاکسی بھی دور میں ایسی بر بریت نہیں ہوئی ہے ، پوری ریاست ،عدلیہ اور ادارے منہدم ہوچکے ہیں،عوام گھروں سے نکلے جبکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا بانی پی ٹی آئی پر بوگس کیس بنایا گیا،تمام سٹیک ہولڈرز کو مفاہمت کیلئے ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کیے جانے پر د تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مسلسل التوا نہ صرف انصاف کے عمل کو مشکوک بنا رہا ہے بلکہ یہ تاثر بھی مضبوط ہو رہا ہے کہ عدالتی نظام کو دانستہ طور پر تاخیری حربوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ہم یہ سوال اٹھاتے ہیں کہ آخر کب تک انصاف کو مؤخر کیا جاتا رہے گا؟ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس اہم کیس کی فوری اور شفاف سماعت کو یقینی بنایاجائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں