سندھ ہائیکورٹ : 2023 تک قتل کے زیر التوا مقدمات تین ماہ میں نمٹانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ : 2023  تک قتل کے زیر التوا مقدمات تین ماہ میں نمٹانے کا حکم

قتل کے سینکڑوں مقدمات نہ نمٹائے جانے پر چیف جسٹس کا نوٹس ،خیرپور میں سب سے زیادہ 242 کیسز زیر التوا ججز کو کیسز کی روزانہ نگرانی،ہفتہ وار سماعت کی ہدایت،کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،مراسلہ جاری

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے صوبے بھر میں قتل کے مقدمات کے بڑھتے ہوئے التوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 2023 ئتک درج تمام زیر التوا مقدمات 3 ماہ میں نمٹانے کا حکم دیدیا۔ عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس کی ہدایت پر تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو کیسز کی روزانہ نگرانی اور ہفتہ وار بنیاد پر سماعت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے ۔سندھ ہائی کورٹ کے شعبہ ممبر انسپیکشن ٹیم کے جاری مراسلے کے مطابق کیس فلو مینجمنٹ سسٹم ڈسٹرکٹ کورٹس کے جائزے کے دوران یہ واضح ہوا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں قتل کے پرانے مقدمات کی بڑی تعداد زیر التوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سال 2023 تک مجموعی طور پر 1761 قتل کے مقدمات ابھی تک نمٹائے نہیں جا سکے ، جس پر چیف جسٹس نے سخت نوٹس لیا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ یہ رپورٹ چیف جسٹس کے سامنے پیش کی گئی، جس کے بعد انہوں نے حکم دیا کہ تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ان مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں، ہر ہفتے ان کی سماعت مقرر کریں اور تین ماہ کے اندر اندر تمام زیر التوا مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔ مزید برآں ججز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے ماہانہ کارکردگی رپورٹس بھی جمع کرائیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ضلع خیرپور میں قتل کے سب سے زیادہ 242 مقدمات زیر التوا ہیں، جبکہ کراچی ویسٹ میں 226 اور کراچی ملیر میں 171 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ اسی طرح لاڑکانہ میں 119، کراچی سینٹرل میں 100، کراچی ایسٹ میں 86، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں 73، 73 مقدمات زیر التوا ہیں۔

دیگر اضلاع میں شکارپور میں 67، گھوٹکی 66، جیکب آباد 59، سکھر 55 اور کراچی ساؤتھ 49 ، بدین 45، دادو 40، جامشورو 39، حیدرآباد 38 جبکہ سانگھڑ میں 33 مقدمات زیر التوا ہونے کی نشاندہی کی گئی۔ مٹیاری 30، عمرکوٹ اور ٹھٹھہ میں 20، 20، میرپورخاص اور کشمور کندھکوٹ میں 15، 15 مقدمات زیر التوا ہیں۔ ٹنڈو الہ یار اور سجاول میں 13، 13 جبکہ ٹنڈو محمد خان میں 9 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ تھرپارکر میں سب سے کم 2 مقدمات زیر التوا رپورٹ ہوئے ۔ مراسلے کے اختتام پر تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو ہدایت کی گئی کہ وہ چیف جسٹس کے احکامات پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں