سفارتی کامیابی پر خوش نہ ہونے والا پاگل:اپوزیشن لیڈر،حکومت کی غیر مشروط حمایت:پی ٹی آئی کا راولپنڈی جلسہ ملتوی

سفارتی کامیابی پر خوش نہ ہونے والا پاگل:اپوزیشن لیڈر،حکومت کی غیر مشروط حمایت:پی ٹی آئی کا راولپنڈی جلسہ ملتوی

ہم اتنے جاہل نہیں حکومت سے تعاون کرینگے ، بانی پی ٹی آئی سے بات کریں، ہم انہیں راضی کرلینگے ،پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد، محمود اچکزئی،پاکستان سب سے پہلے، گوہر دفاع کے بعد سفارتی میدان میں بھی سبقت ملی، خواجہ آصف، قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ،سیز فائر خوش آئند، پرویز اشرف ،راجہ ناصر،گیلانی ،علی ظفر، قومی اسمبلی ،سینیٹ میں خطاب

 اسلام آباد (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف محمودخان اچکزئی نے امریکا اورایران کے درمیان مذاکرات کے حوالہ سے حکومت کی غیرمشروط حمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی کامیابی پر خوش نہ ہونیوالا پاگل ہی ہوگا،حکومت کیساتھ ہیں۔ مذاکرات کے عمل کوکامیاب بنانے کیلئے ہمیں ذمہ داری سے اپناکرداراداکرنا ہوگا۔ہم اتنے جاہل نہیں، حکومت سے تعاون کرینگے ، بانی پی ٹی آئی سے بات کریں، ہم انہیں راضی کرلینگے ۔ایران نے تمام عالم اسلام کی لاج رکھی ،تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہرخان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں مذاکرات کے تناظر میں راولپنڈی میں منعقدہونے والے جلسہ کوملتوی کرنے کااعلان کیا اور کہا کہ ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے ۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ دفاعی میدان میں بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد پاکستان سفارتی میدان میں بھی سبقت لے گیا ،آج دنیا بھر میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے ،ہم اپنی قیادت کی بصیرت کی داد دیتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی کوششوں سے امریکا اورایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی صورتحال پربحث میں حصہ لیتے ہوئے محمودخان اچکزئی نے کہاکہ ہم حکومت کے ساتھ ہیں، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھاکہ تمام اکابرین کو ایک ساتھ بیٹھنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئی پاگل ہی ہو گا جو اس کامیابی پر خوش نہ ہو، ہمارے اختلافات بہت زیادہ ہیں لیکن ان حالات میں ہم ہاکستان کے ساتھ ہیں، ہم خیر اور تقویٰ کے طور پر حکومت کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں، ہم اتنے جاہل نہیں، ہم تعاون کریں گے ، ہم حکومت کے ساتھ ہیں، پاکستان زندہ باد،پاک فوج زندہ باد۔ان کا کہنا تھاکہ اس وقت ٹرمپ کی انا مسئلہ ہے ، وہ سمجھتے تھے ایران سرینڈر کر جائے گا۔محمود اچکزئی کا کہنا تھاکہ پاکستان دنیا کی نعمتوں سے بھرا پڑا ہے پھرہم کیوں بھیک مانگتے ہیں، یہ موقع آسمان سے آیا ہے ، اسے گنوانا نہیں چاہیے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی اس ملک کا رہنے والا ہے ،اس سے بات کریں، ہم جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملیں گے اورانہیں اپنی باتوں پر راضی کرلیں گے ، آج تک جتنی بھی تحریکیں چلی ہیں بانی پی ٹی آئی کوسب سے زیادہ مقبولیت ملی ہے ، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنا جرم ہے اور خواجہ آصف الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کریں۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہرخان نے کہا سیاست اورعالمی حالات میں ایک ہفتہ کیا ایک دن بھی بڑاہوتا ہے ،قوموں کی تاریخ میں بھی ایک دن ایساآتا ہے جب پوری قوم کوایک آواز ہونا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ان کی جماعت سیزفائر کاخیرمقدم کرتی ہے اورجن لوگوں نے اس میں کرداراداکیاہے اس کوہم سراہتے ہیں، ہم سب کی خواہش تھی کہ جنگ اس نہج پرنہ پہنچے جس سے مسلمان ممالک آپس میں دست وگریباں ہوں,ہمیں طویل المیعادبنیادوں پرامن کی امید ہے ۔ ہمارے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے لیاقت باغ میں جوجلسہ منعقد کرنے کااعلان کیاتھا اسے خان صاحب کی ہدایات اورپارٹی کے فیصلے کے مطابق ملتوی کررہے ہیں۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارے کردار سے دنیا جنگ کے دہانے سے پیچھے ہٹی ہے ،مستقبل میں پاکستان کے لئے کامیابیوں کے نئے دروازے کھلیں گے ،عالم اسلام کو اس بات کو تسلیم کرنا ہوگا کہ اسرائیل اور ہندوستان ہمارے ازلی دشمن ہیں،پاکستان کے پاس امت کی قیادت کے مواقع ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کو 78 سالہ تاریخ میں جس قدر اس وقت عزت و تکریم ملی ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی، آج دنیا بھر میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی جا رہی ہے ، یورپی یونین، مسلم ممالک سمیت ہمارے ہمسائے بھی ہماری سیاسی و عسکری قیادت، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کی تعریف کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو اس سے قبل دھول چٹائی، اس وقت سے لے کر اب تک اور آئندہ مستقبل میں بھی جس طرح پاکستان کا قد کاٹھ بین الاقوامی سطح پر بڑھ رہا ہے ، عزت و تکریم میں اضافہ ہو رہا ہے وہ بے مثال ہے ۔ ہندوستان کے اندر بھی اس بات کا اعتراف کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو ہندوستان کے اوپر اس جنگ میں بھی برتری حاصل تھی اور اب سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہوئی ہے ، یہ بڑی کامیابی اور سب سے بڑا ورثہ ہے جو ہم اپنی آنے والی نسل کو دے کر جا رہے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد دیتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ آنے والے دنوں میں بھی انہیں کامیابی ملے اور پاکستان دنیا میں مزید سرخرو ہو۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں سے مشرق وسطی میں جنگ بندی کا اعلان ہوا،یہ ایک تاریخ ساز کامیابی ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کی عزت وتکریم ہورہی ہے ،وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ان کی مشترکہ بے مثال سفارتکاری اور انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میری دعا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی میزبانی میں شروع ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوں ۔ پیپلز پارٹی کے رہنماو سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جب قوموں پر مشکل وقت آتا ہے تو سب کو متحد ہونا پڑتا ہے ، اور آج پوری قوم یکجا نظر آ رہی ہے ، پاکستان ہے تو ہم سب کچھ ہیں، اس لیے چھوٹے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ۔

 اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے )ا یوان بالا میں اپوزیشن اور حکومت نے امریکہ اور ایران کے مابین سیز فائرکو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر بہترین سفارتکاری کے ذریعے امن قائم کیا ،پاکستان کے تین سپوت شہباز شریف، اسحاق ڈار اور عاصم منیر زیادہ مبارک باد کے مستحق ہیں،سینیٹ اجلاس کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہاکہ اس وقت دنیا میں جتنی بھی ناہمواری ہے وہ عدل اور انصاف نہ ہونے کی وجہ سے ہے ۔ عدل قانون کی حکمرانی کے بغیر نہیں آسکتا ۔عدل کے بغیر امن کا قیام ناممکنات میں سے ہے ، انہوں نے کہاکہ اس وقت امریکا مجبور ہوا تو مذاکرات کی میز پر آ یا انہوں نے کہاکہ سلام اس قوم کو جس نے اپنے ملک کی حفاظت کی۔انہوں نے کہاکہ ایران کی لیڈر شپ کو مار دیا گیا مگر امریکہ اور اسرائیل کو اس جنگ میں شکست ہوئی ۔انہوں نے کہاکہ جس نے بھی جنگ بندی کے لیے کام کیا اس کا شکریہ ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لیے باعث عزت ہے کہ مذاکرات ہمارے ملک میں ہو رہے ہیں ۔ہم اپنے ملک کے اندر بھی عدل کے لیے کام کریں۔انہوں نے کہاکہ عوام سب سے زیادہ بحرانوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دشمن کو بھی آئینی اور قانونی حق دینا چاہیے اس لیے ضروری ہے ہم امریکہ اسرائیل کی شکست کا جشن منائیں۔

ہمیں مسلم امہ اور مسلم ممالک کو توڑنے کی سازش کی شکست کا جشن منانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے میڈیا پر مل کر دشمن کا مقابلہ کیا ۔ سیاسی قیدی کسی بھی ملک کی سیاست کے ماتھے کا جھومر ہوتے ہیں۔ اس ملک میں سب سے زیادہ مشکلات سیاستدانوں نے جھیلی ہیں، آئیے چیزوں کو لے کر آگے بڑھتے ہیں پاکستان کو طاقتور بناتے ہیں۔پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ پاکستان کی قیادت نے عالمی سطح پر بہترین سفارتکاری کے ذریعے امن قائم کیا،امن کسی ایک کی نہیں پوری دنیا کی جیت ہے ،آئندہ دو ہفتے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ہمیں اپنی لیڈرشپ کے کردار کی تعریف کرنی پڑے گی۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ پاکستان نے آج نہیں ہمیشہ سے دنیا میں امن کیلئے کردار ادا کیا۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہاکہ پاکستان نے اپنے ہمسایہ ملک کے خلاف ہونے والی جارحیت کو بند کروایا ہے ۔ شیطان نیتن یاہو پوری دنیا کو تباہ کرنا چاہتا ہے ۔سفارتی کامیابی پر پوری قوم اور تمام لیڈر شپ مبارک باد کی مستحق ہیں۔ پاکستان کے تین سپوت شہباز شریف اسحاق ڈار اور عاصم منیر زیادہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ مذاکرات کی کامیابی پاکستان کی لیڈر شپ کا مقدر ٹھہرے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کی اپوزیشن کو آفر موجود ہے وہ جب چا ہے مل سکتی ہے ۔

وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملک بھر میں امن کے قیام اور استحکام کے لئے کل جمعہ کو یومِ دعا منایا جائے گا۔ اس دن پوری قوم اﷲ کا شکر ادا کرنے اور خطے میں دیرپا امن کے لئے خصوصی دعائیں کرے گی۔یہ پاکستان کے لئے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ ملک کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے ۔وزیر قانون نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دانشمندانہ قیادت میں پاکستان نے امن کے فروغ اور ممکنہ بڑے تنازعہ کو روکنے میں فعال کردار ادا کی۔چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ بندی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے اور ذمہ دار عالمی قیادت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ مزید کشیدگی سے بچا جائے ۔ تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر بیرسٹر علی ظفر نے ایران امریکہ سیز فائر پر حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خطے میں دیرپا امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں