اسرائیل کا ظلم خطرے کی گھنٹی،مسلمان فاتح ہیں اور رہیں گے:فضل الرحمٰن
پاکستان نے حال ہی میں جو کردار ادا کیا ہم برسوں سے اس کے متقاضی تھے ، آج ہماری جدوجہد رنگ لے آئی چوری شدہ حکومت کو نہیں مانتا جو کرسکتے ہو کرلو ، فیصلے اب ایوان نہیں میدان میں ہونگے ، کانفرنس سے خطاب
مردان(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کا ظلم اسلامی ممالک کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ مسلمان فاتح ہیں اور فاتح رہیں گے ، بیت المقدس ایک دن مسلمانوں کا ہوگا اور وہاں عبادت کریں گے ۔ پاکستان نے حال ہی میں جو کردار ادا کیا ہم برسوں سے اس کے متقاضی تھے ، آج ہماری جدوجہد رنگ لے آئی ،چوری شدہ حکومت کو نہیں مانتا جو کرسکتے ہو کرلو ، فیصلے اب ایوان نہیں میدان میں ہونگے ،بلوچستان اور کراچی میں جلسے کرنے کا اعلان کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس طرح جعلی نوٹ نہیں چل سکتا اس طرح جعلی حکومت بھی نہیں چل سکتی۔مردان میں دستور اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان 25کروڑ مسلمانوں کا وطن ہے اس کی عالمی سطح پر اہمیت ہے ، ملک کو پوری اسلامی دنیا کی قیادت کرتے دیکھنا چاہتا ہوں، ہم ملکی سرزمین پر مہمانوں کی عزت کرنا جانتے ہیں۔
سربراہ جے یوآئی نے کہاکہ عالمی طاقتوں کے جبر سے غریبوں پر کیا جانے والا مہنگائی کا ظلم واپس لینا ہوگا، قوم کے اندر خود اعتمادی اور ملک کی قدر و منزلت میں اضافہ دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ناجائزہ ریاست ہے اس کا خاتمہ امت مسلمہ کی آرزو ہے ، یہ دہانیوں سے فلسطین پر ظلم ڈھا رہا ہے ، یہ ظلم کرتے کرتے ایران تک پہنچ چکا ہے ۔ پاکستان نے ثابت کردیا ہے کہ وہ دنیا کے معاملات کو سلجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، آج عالمی ممالک ہماری سرزمین پر بیٹھ کر دنیا کے لیے امن چاہتے ہیں۔ ہم اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حق میں بالکل نہیں ۔ پاکستان کے عوام اور امت مسلمہ مودی اور یہودی کے گٹھ جوڑ کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ نواز شریف اور زرداری سر جھکا سکتے ہیں، جے یو آئی سر نہیں جھکا سکتی، حکومت دھاندلی سے لی گئی ہے ، ایسی حکومت مانتا ہوں نہ اس کی پیروی کروں گا، جس طرح جعلی نوٹ نہیں چلتا اس طرح جعلی حکومت بھی نہیں چلتی، بے قیمت لوگ ہم پر مسلط کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اور اپنی اسٹیبلشمنٹ کو بتانا چاہتا ہوں ،یہ غیور پاکستانیوں کا اجتماع ہے ۔ اگر پاکستان پر کوئی نازک وقت آیا تو یہ نوجوان سرحد پر سکیورٹی فورسز سے آگے ہوں گے ۔ اسرائیل کا خاتمہ امت مسلمہ کی آرزو ہے ۔