بلوچستان پختونخوا : پولیو ٹیموں پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی، 3 ورکرز اغوا

بلوچستان پختونخوا : پولیو ٹیموں پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی، 3 ورکرز اغوا

ڈیرہ مراد جمالی میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے فرمان بشیرنے دم توڑ دیا، ہنگو میں انس زخمی بنوں جھنڈوخیل سے دہشتگردوں نے 3 پولیو ورکرز کو اغوا کرلیا،پولیس کی ناکہ بندی ، سرچ آپریشن

 ڈیرہ مراد جمالی، ہنگو ، بنوں ، پشاور(سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ٹیم کی سکیو رٹی پر مامور پولیس اہلکار کو شہید کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس کے مطابق نصیرآباد کے ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے ٹی اینڈ ٹی کالونی میں پولیو مہم کی فیمیل ٹیم گھر کے اندر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے گئی تو باہر کھڑے پولیس اہلکار فرمان بشیر بہرانی پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر سول ہسپتال منتقل کردیا اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ذوالفقار علی کرار اور ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر فوری طور پر سول ہسپتال پہنچ گئے ۔

ایس ایس پی نصیرآباد نے بتایا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے جس کی تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں ۔دریں اثنا خیبر پختونخوا کے شہر ہنگو میں نامعلوم افراد نے انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل انس زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ ہنگو کے علاقے درسمند میں پیش آیا، زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے ۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی بر وقت جوابی کارروائی کے باعث انسدادِ پولیو ٹیم محفوظ رہی۔علاوہ ازیں ضلع بنوں کے علاقہ جھنڈوخیل سے دہشتگردوں نے 3 پولیو ورکرز کو اغوا کرلیا، کریم اللہ ، مشکو اللہ اور شاہ زیب پولیو ڈیوٹی کیلئے گئے تھے ۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے پولیو ورکرز کو بی ایچ یو غازی مرجان سے اغوا کیا، واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے علاقہ گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں