وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، خطے کی صورتحال، امریکا، ایران مذاکرات پر تبادلہ خیال

جدہ: (دنیا نیوز) مشرق وسطیٰ میں قیام امن کا مشن، وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے۔

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی، خطے کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی، پاکستان اور سعودی عرب کا تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے، وزیراعظم کے پہنچنے پر سعودی ولی عہد نے ان کا استقبال کیا، محمد بن سلمان نے امریکا ایران مذاکرات کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف قطر اور ترکیے بھی جائیں گے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات گرمجوشی پر مبنی تھی، ملاقات میں تمام شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی راہیں تلاش کیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ایمان، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی گہرے تعلقات کی توثیق کی، تاریخی، برادرانہ تعلق کو آئندہ نسلوں تک مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں