امریکی صدر کا قطر کے امیر سے رابطہ، خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال
دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سمندری سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
قطری امیری دیوان کے بیان کے مطابق امیر ِ قطر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس میں خطے اور عالمی سطح پر ہونے والی تازہ پیش رفت پر بات چیت کی گئی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب خطے میں کشیدگی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گفتگو میں بین الاقوامی سمندری سلامتی، توانائی کی منڈیوں کے استحکام اور عالمی سپلائی چینز کے معاملات کو خصوصی اہمیت دی گئی جبکہ آبنائے ہرمز میں متوازی ناکہ بندیوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔
امیر قطر نے خطے میں مزید کشیدگی کو روکنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔