امریکی ریپبلکن اراکین نے جنگی اختیارات سے متعلق قرارداد مسترد کر دی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ میں ریپبلکن اراکین کی اکثریت نے جنگی اختیارات سے متعلق قرارداد کو مسترد کر دیا، صرف ایک ریپبلکن سینیٹر نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔
سینیٹ میں 52 کے مقابلے میں 47 ووٹوں سے ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کردہ اس قرارداد کو مسترد کر دیا گیا جس کا مقصد کانگریس کی منظوری تک امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کو روکنا تھا۔
کینٹکی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر رینڈ پال واحد ریپبلکن تھے جنہوں نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جو پارٹی کی جانب سے ٹرمپ کی جنگی پالیسی کی مسلسل حمایت کے تناظر میں ایک نمایاں اقدام ہے۔
ویسٹ ورجینیا کے ریپبلکن سینیٹر جم جسٹس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا، رواں سال یہ چوتھی بار تھا کہ ڈیموکریٹس نے اس نوعیت کی قرارداد پیش کی تاہم ہر بار ریپبلکن مخالفت کے باعث یہ ناکام رہی، اس بار ڈیموکریٹس کی جانب سے واحد مخالفت پنسلوانیا کے سینیٹر جان فیٹر مین کی طرف سے سامنے آئی۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس تنازع کے خاتمے یا کانگریس کی جانب سے باقاعدہ منظوری تک جنگی اختیارات کی قرارداد بار بار پیش کرتی رہے گی۔