انسدادپولیومہم، 2کروڑ 70لاکھ بچوں کی ویکسینیشن مکمل
پولیووائرس کاپھیلاؤ روکنے کیلئے مہم پاکستان ، افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جا رہی،مہم 19اپریل تک جاری رہے گی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر )ملک بھر میں سال کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم کے دو دنوں میں مجموعی طور پر2کروڑ70لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل کر لی گئی ہے ۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (ای او سی) کے مطابق اس مہم میں 4لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں، جبکہ اس بار بچوں کی قوتِ مدافعت بڑھانے کے لیے انہیں وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔ یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے تاکہ سرحد کے دونوں اطراف وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔اعداد و شمار کے مطابق اب تک پنجاب میں 1 کروڑ 42 لاکھ، سندھ میں 60 لاکھ 35 ہزار، خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 23 ہزار اور بلوچستان میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریباً 2 لاکھ 83 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 4 لاکھ 75 ہزار اور گلگت بلتستان میں 1 لاکھ 88 ہزار سے زائد بچے اب تک کور کیے جا چکے ہیں۔نیشنل ای او سی نے واضح کیا ہے کہ 13 اپریل سے شروع ہونے والی مہم 19 اپریل تک بلا تعطل جاری رہے گی۔