یورپی یونین کا رواں ماہ بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ہوئی ہے اوریورپی یونین نے پاکستان میں اعلیٰ سطح کا بزنس فورم کے انعقاد کا اعلان کر دیا ،ای یو پاک بزنس فورم 28 اور 29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہوگا۔
یورپی یونین کے پاکستان کے لیے سفیر رائمونڈس کاروبلس نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ فورم میں یورپی اور پاکستانی سرمایہ کار کاروباری شخصیات شرکت کریں گی’یورپی یونین دنیا کی سب سے بڑی سنگل مارکیٹ اور پاکستان کی بڑی برآمدی منڈی ہے ’فورم کا مقصد تجارتی تعلقات کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا اور صنعتی ترقی کو فروغ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ زرعی کاروبار، ڈیجیٹل انوویشن، فن ٹیک، گرین لاجسٹکس اور ٹیکسٹائل سمیت اہم شعبے زیر غور آئیں گے ۔یورپی یونین سفیر نے کہا کہ یورپی یونین کا گلوبل گیٹ وے پروگرام پاکستان میں 400 ارب یورو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔پاکستان میں 300 سے زائد یورپی کمپنیاں پہلے ہی مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔فورم کے دوران 600 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں شیڈول ہیں۔