میرپور خاص تعلیمی بورڈ کے سابق کنٹرولر کرپشن کیس میں گرفتار
انور علیم خانزادہ پرڈھائی ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کاالزام، اینٹی کرپشن حکام کرپشن اسکینڈل میں بورڈ کے 4ملازم پہلے ہی گرفتار، ملزمان نے ملبہ کنٹرولر پرڈالا تھا
میرپورخاص(بیورورپورٹ)میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے سابق کنٹرولر انور علیم خانزادہ کو پولیس نے مبینہ کرپشن کے ایک بڑے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم پر تقریباً ڈھائی ارب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا الزام ہے ، جبکہ اس سے قبل بھی اسی کیس میں تعلیمی بورڈ کے چار ملازمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق انور علیم خانزادہ کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہونے کے بعد تحقیقات جاری تھیں۔ میگا کرپشن اسکینڈل کے انکشاف پر اینٹی کرپشن اور دیگر ریاستی اداروں نے مشترکہ کارروائیاں تیز کیں، جن کے نتیجے میں سیکریٹ برانچ کے انچارج اعظم، ملزم کے قریبی ڈرائیور اور دیگر متعلقہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملازمین کی جانب سے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا۔ ابتدائی بیانات کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران اربوں روپے کی مبینہ کرپشن سامنے آئی ہے ، اور بعض ملزمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پورے نیٹ ورک کی سربراہی سابق کنٹرولر انور علیم خانزادہ کر رہے تھے ۔ پولیس اور اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور قانون کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ عدالت کرے گی اور جب تک جرم ثابت نہ ہو، تمام ملزمان قانوناً بے گناہ تصور کیے جائیں گے ۔