شیخوپورہ:10روزمیں الیکٹرک گرین بسیں چلانے کا اعلان
ضلع میں ترقیاتی کاموں کیلئے 48 ارب روپے کا بڑا ترقیاتی پیکیج مختص کیا گیا عوام کی خدمت ترجیح ، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہے :عظمیٰ بخاری
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبے میں شفاف اور وسیع ترقیاتی عمل کا آغاز ہو چکا ، جس کا مقصد عوام کو پسماندگی سے نکال کر جدید اور صاف ماحول فراہم کرنا ہے ۔ضلع شیخوپورہ کیلئے 48 ارب روپے کا بڑا ترقیاتی پیکیج مختص کیا گیا ، جس کے تحت سڑکوں کی تعمیر، جدید سیوریج سسٹم، واٹر ٹینکس اور بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ واسا منصوبوں کیلئے 12.5 ارب روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں جبکہ ترقیاتی عمل کو صوبے کے ہر شہر اور دیہات تک پھیلایا جا رہا ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ 10 روز میں ماحول دوست الیکٹرک گرین بسیں لاہور اور شیخوپورہ کے درمیان چلنا شروع ہو جائیں گی، جس سے بالخصوص خواتین، طالبات اور بزرگوں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔
انتظامیہ کو بسوں کیلئے جدید ڈپو اور چارجنگ سٹیشنز جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر آفس شیخوپورہ میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان پر بریفنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر یا حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوامی آگاہی کیلئے ہر منصوبے کی تفصیلات موقع پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا گورننس ماڈل میرٹ پر مبنی ہے اور کارکردگی کی بنیاد پر ہی عہدوں کا تعین ہوگا۔ صوبے میں تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور امن و امان کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور مختصر عرصے میں 100 سے زائد منصوبے شروع کئے جا چکے ہیں۔ حکومت عوامی خدمت کو ترجیح دے رہی ہے ، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، جلد ہی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔