مہلک بیماریوں سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ ، خود لیڈ کرونگی : مریم نواز
ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اورہیپاٹائٹس سے بچاؤ پروگرام شامل ہونگے ،عوامی شعور و بیدار کرنا ناگزیر وزیراعلیٰ پنجاب کا نجی ہسپتالوں میں ہیلتھ ایس او پیز کی مانیٹرنگ،عطائی کلینکس کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہو ر(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پرونشنل پروگرام کی اصولی منظوری دیدی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر پنجاب میں چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پر ونشنل پروگرامشروع کرنے کافیصلہ کیا گیا، ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اورہیپاٹائٹس سے بچاؤ پروگرام شامل ہوں گے ۔اجلاس میں پنجاب میں مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے صوبے میں عوامی آگاہی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ آگاہی مہم کو خود لیڈ کر وں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آگاہی مہم میں عوام کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ اور علاج سے متعلق آگاہی دی جائے گی، وزیراعلیٰ نے مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ضروری اقدامات کا حکم دیا،سرکاری ہسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والے امراض سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہیلتھ کیئر کمیشن کو پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں ہیلتھ ایس او پیز کی مانیٹرنگ کا حکم دیا اور صوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کا عوامی شعور و آگاہی بیدار کرنا ناگزیر ہے ، مہلک اور وبائی بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ابتدائی علامات سے آگاہی ضروری ہے ، مریض کو علاج ہی نہیں بلکہ زندگی کی امید دلانا بھی ضروری ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلٰی نے تخلیقی اور جدت کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں انسانی ترقی، مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کے لیے تخلیقی سوچ کی اہمیت کو سمجھنا ہوگا۔ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتیں اور جدت پسند امنگیں معاشرے کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس دن کا مقصد ہمیں اپنی سوچ کو وسیع کرنے اور نئے خیالات کو گلے لگانے کا عہد کرناہے۔
دنیا کو بدلنے کے لیے بڑے وسائل کی نہیں بلکہ بڑے خیالات کی ضرورت ہے ،تخلیق کوئی پیدائشی تحفہ نہیں یہ ایک عادت ہے جو محنت اور موقع سے پیدا ہوتی ہے ۔ علاوہ ازیں مریم نوا زشریف نے علامہ اقبال کی فکری اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔شاعر مشرق علامہ اقبال ؒکے یوم وفات پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ علامہ اقبال آج ہمارے درمیان نہیں مگر ان کا تدبر،فکر اور فلسفہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔علامہ اقبال نے نہ صرف مسلمانو ں کو مستقبل کے خطرات سے آگاہ کیا بلکہ خودی کا لازوال درس دیا، ان کے کلام میں پوشیدہ فکر کو اجاگر کرنے اور عملدرآمد کی شدید ضرورت ہے۔