وزیراعظم کا الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر عملدرآمد تیز کرنے کا حکم
الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ ایندھن کے درآمدی بوجھ میں کمی اورماحولیاتی تحفظ کے لئے انتہائی اہم ہے :شہباز شریف وزیراعظم سے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی ملاقات ،امن کوششوں پر گفتگو،مذاکراتی عمل کومزید موثربنانے پر اتفاق
اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے حکم دیاہے کہ قومی ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد کے لیے الیکٹرک موٹر سائیکلوں پر دی جانے والی سبسڈی میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور الیکٹرک وہیکلز پالیسی پر عملدرآمدکو تیز کیاجائے ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق یہ ہدایات انہوں نے ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ وزیراعظم نے کہا ای وی گاڑیوں کے فروغ کیلئے جاری اقدامات میں تیزی لائی جائے تاکہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دیا جا سکے ۔موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے تناظر میں الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ نہ صرف ایندھن کے درآمدی بوجھ میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ یہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی سلامتی کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ الیکٹرک موٹر سائیکل اور رکشہ بنانے کیلئے 72 جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ ای وی چارجنگ سٹیشنز کے قیام کیلئے 123 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ آئندہ 5 سال میں ملک میں 30 فیصد گاڑیاں الیکٹرک بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ، جس سے تقریباً 4.5 ارب ڈالر تک ایندھن کی بچت متوقع ہے ۔ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ بعدازاں انسدادپولیو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ملک سے پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت پرعزم ہے ۔
وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جدوجہد میں انسداد پولیو ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس قومی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ پاکستان کو جلد اس بیماری سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2026 میں اب تک ملک میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا ہے ۔ 2024 میں 74 جبکہ 2025 میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ اس سال پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔2025 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثر تھے ، جن کی تعداد 2026 کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی ہے ۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی کے باعث پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم سے پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور امن کوششوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور جاری امن کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ فریقین نے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے اور پائیدار امن کیلئے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے امکانات کا جائزہ بھی لیا اوراس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں استحکام کیلئے سفارتی روابط اور مذاکراتی عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے ۔شہباز شریف نے بلغاریہ کے پارلیمانی انتخابات میں تاریخی کامیابی پر رومین رادیو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان بلغاریہ کے ساتھ اپنے خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ایکس پیغام میں ان کا کہناتھاکہ پاکستان بلغاریہ کی نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔