FECHS کی انتظامی کمیٹی اراکین کیخلاف کا رروا ئی کی ہدایت

 FECHS کی انتظامی کمیٹی اراکین کیخلاف کا رروا ئی کی ہدایت

تحقیقات میں الاٹمنٹس، ٹرانسفر ، کمرشلائزیشن میں خلاف ورزیاں ثابت غیر قانونی عمارات مسمار، کمیٹی اراکین نااہل قرار دئیے جا ئیں ، اے سی اسلام آباد

 اسلام آباد (ایس ایم زمان ) فیڈرل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (FECHS) میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کے اراکین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا ئے اور معاملے کا آزادانہ فارنزک آڈٹ کرایا جا ئے ۔ تحقیقات کے مطابق سوسائٹی میں الاٹمنٹس، تبادلوں اور کمرشلائزیشن میں سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جس سے سرکاری خزانے اور سوسائٹی کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان پہنچا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر نے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے من پسند الاٹمنٹس کی گئیں۔

رہائشی پلاٹوں کے غیر قانونی کمرشل استعمال کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایسی عمارتیں جو آئی سی ٹی بلڈنگ کنٹرول ریگولیٹرز 2020 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دفاتر کے طور پر بنائی گئی ہیں انہیں فوری طور پر مسمار کیا جائے ، جو پلاٹ غیر قانونی طور پر الاٹ ہوئے ہیں انہیں منسوخ کر کے منظور شدہ سنیارٹی لسٹ کے مطابق دوبارہ الاٹ کیا جائے ۔ سوسائٹی کے ریکارڈ میں تبدیلی کرنے اور حقائق چھپانے پر جنرل منیجر، اکاؤنٹس، آڈٹ سٹاف اور پٹواری سمیت تمام متعلقہ عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کوآپریٹو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت انتظامی کمیٹی کے اراکین کو مستقبل میں کسی بھی عہدے کے لیے نااہل قرار دینے کی سفارش بھی کی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سوسائٹی کی جانب سے ٹیکسوں اور این ڈی سی فیسوں کی عدم وصولی کی وجہ سے ہونے والے مالی نقصانات کا تعین کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے اور ایسے تمام عناصر کو بلیک لسٹ کیا جائے جو ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں