ایم پی ایز کو تجویزکردہ ادویات نہ ملنے پر سپلائرز کو شوکاز
ہنگامی بنیادوں پر ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے :ایم ایس سروسز ہسپتال سرکاری ہسپتالوں میں عام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی بدستور مسئلہ
لاہور(محمد حسن رضا سے )اراکین پنجاب اسمبلی کو تجویز کردہ بہترین برانڈ کی ادویات بروقت فراہم نہ ہونے کا معاملہ سامنے آنے پر حکومت حرکت میں آ گئی اور متعلقہ سپلائرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے گئے ، تاہم اسی نظام کے تحت عام شہریوں کو مفت ادویات نہ ملنے کے معاملے پر کوئی مؤثر ایکشن سامنے نہ آ سکا۔ تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال انتظامیہ نے ممبران اسمبلی کی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے سپلائرز سے وضاحت طلب کر لی ۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب اسمبلی کی جانب سے واضح ہدایت تھی کہ اراکین اسمبلی کو ڈاکٹر کے نسخے کے مطابق مخصوص برانڈ کی ادویات ہر صورت فراہم کی جائیں مگر اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ شکایات میں بتایا گیا کہ تجویز کردہ برانڈز دستیاب نہیں تھے، ادویات کی فراہمی میں تاخیر ہو رہی تھی اور بعض کیسز میں مکمل طور پر سپلائی رک گئی۔
اس صورتحال کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی جس کے بعد سروسز ہسپتال جو ایم پی ایز کیلئے ادویات کی فراہمی کا مرکزی ادارہ ہے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپلائرز کو شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ۔ ایم ایس کی جانب سے جاری نوٹس میں سپلائرز کو دو دن میں جواب دینے کی مہلت دی گئی اور خبردار کیا گیا کہ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں جرمانہ، معطلی اور بلیک لسٹنگ تک کی کارروائی کی جا سکتی ہے ۔ ساتھ ہی ہدایت دی کہ ہنگامی بنیادوں پر لوکل پرچیز کے ذریعے ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ۔ تاہم اس سارے معاملے کے برعکس پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں عام مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی مسلسل مسئلہ بنی ہوئی ہے ۔ شہریوں کی شکایات کے مطابق انہیں ڈاکٹر کے نسخے کے باوجوداکثر ادویات ہسپتال سے نہیں ملتیں اور انہیں مجبوراً بازار سے مہنگے داموں خریدنا پڑتی ہیں، کئی مریضوں کوتو آپریشن کیلئے درکار بنیادی سامان جیسے سرنجیں، ڈرپس، ادویات حتیٰ کہ بعض سادہ استعمال کی اشیاء بھی باہر سے لانے کا کہا جاتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایم پی ایز کے کیس میں فوری ایکشن جیسا نظام عام مریضوں کیلئے بھی مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے تو ادویات کی قلت اور شکایات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔