بڑا کارنامہ : پاکستان نے زمین کی تصویریں لینے والا سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا

بڑا کارنامہ : پاکستان نے زمین کی تصویریں لینے والا سیٹلائٹ خلا میں بھیج دیا

سپارکوکاچین کے تائی یوان سیٹلائٹ سنٹر سے لانچ کیا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ای او تھری قدرتی آفات سے نمٹنے ، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے تصویری ڈیٹا فراہم کریگا ای اوتھری کی لانچنگ پاکستان کی خودانحصاری اور شاندار ٹیکنالوجی کی طرف اہم سفر:آئی ایس پی آر،یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کی ترقی کا ثبوت ہے :صدر ،وزیراعظم

اسلام آباد(وقائع نگار،سٹاف رپورٹر) پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفئیر ریسرچ کمیشن (سپارکو)نے چین کے تائی یوان سیٹلائٹ لانچ سنٹر سے پاکستان کے مقامی تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ’’ای او-3‘‘کوکامیابی سے لانچ کردیا،سپارکو نے اس کامیاب لانچنگ کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق مقامی طور پر تیار کئے گئے ای او سیٹلائٹ کی لانچنگ ایک اور اہم سنگ میل ہے اور ای او تھری سیٹلائٹ کی لانچنگ پاکستان کی خودانحصاری اور شاندار ٹیکنالوجی کی طرف اہم سفرہے ۔ یہ سیٹلائٹ شہری منصوبہ بندی، قدرتی آفات سے نمٹنے ، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں انقلابی تبدیلی لانے کیلئے تصویری ڈیٹا فراہم  کرے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہناتھاکہ ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ ایک مربوط ارتھ آبزرویشن سسٹم کی بنیاد رکھے گی جو مختلف شعبوں میں قومی ترجیحات کے حصول میں مدد دے گا اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہاکہ ای اوتھری کے ذریعے رئیل ٹائم ڈیٹا اینالیسس اور سمارٹ فیصلہ سازی ممکن ہوگی اوریہ مختلف سماجی و معاشی شعبوں میں مددگار ثابت ہوگا۔اس تاریخی موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ای او تھری سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کی خود انحصاری، سائنسی مہارت اور خلائی ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی استعداد کا واضح مظہر ہے ۔

صدر نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے ۔صدرِ مملکت نے خلائی شعبے میں پاکستان کے قریبی دوست ملک چین کے مسلسل اور قابلِ اعتماد تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اشتراک دوطرفہ سائنسی و تکنیکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سپارکو کے انجینئرز اور سائنسدانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کو سراہا اورکہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کی ترقی کا ثبوت ہے ۔

انہوں نے چین کے ساتھ اس شعبے میں جاری تعاون کو بھی سراہا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سپارکو کی تکنیکی مہارت اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے خلائی شعبے میں ملک کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سائنسدانوں، انجینئرز اور ماہرین کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پاکستان کا بڑا کارنامہ ہے ، پاک چین دوستی خلا میں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ،یہ سنگ میل نئی منزلوں کی بنیاد بنے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں