مریم نواز کی کاوش، گوشت کی برآمد کیلئے 7 کمپنیوں سے ایم او یو : پنجاب 10 لاکھ مویشی ایکسپورٹ کرے گا
ہر تحصیل میں سٹیٹ آف دی آرٹ ویٹرنری ہسپتال ، 4موبائل ڈسپنسریاں بنیں گی،اجلاس میں فیصلے لائیوسٹاک فارمز معاشی خود انحصاری کا ذریعہ ہے ، ملیریا کے خاتمے کیلئے یکسوہونا ہوگا:وزیراعلیٰ
لاہور (سٹاف رپورٹر،دنیانیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشیں رنگ لے آئیں، پنجاب سے 10 لاکھ جانور برآمد کرنے کا ہدف مقرر کر لیا گیا جبکہ میٹ ایکسپورٹ کے فروغ کیلئے چینی کمپنی سمیت 7 کمپنیوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز)پر دستخط کر دئیے گئے ہیں۔چین کی ایک بڑی گلوبل میٹ کمپنی پنجاب میں پامکو کے اشتراک سے بوائلر یونٹ قائم کرے گی، جس کے ذریعے بڑے پیمانے پر بوائلڈ میٹ تیار کر کے برآمد کیا جائے گا۔ میٹ کمپنیاں برآمد کیلئے تیار 3 لاکھ مویشیوں کا گوشت درآمد کریں گی جبکہ 3 لاکھ بھینسوں اور گائیوں اور 3 لاکھ مینڈھوں کی فٹننگ کا ہدف مقرر کیا گیا ہ،ایک لاکھ بکرے اور بھیڑیں بھی برآمد کیلئے تیار کی جائیں گی۔
صوبے کی ہر تحصیل میں جدید ویٹرنری ہسپتال قائم کیے جائیں گے جبکہ مویشیوں کے علاج کیلئے ہر تحصیل میں 4 موبائل ویٹرنری ڈسپنسریاں بھی کام کریں گی۔ وزیراعلیٰ نے دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کرنے کا کوٹہ بھی دوگنا کر دیا ہے ۔یہ فیصلے وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں کئے گئے ،جس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی بار لائیوسٹاک فارمنگ کے شعبے میں میکانائزیشن متعارف کرائی جائے گی اور حکومت 60 فیصد تک سبسڈی پر مشینری فراہم کرے گی، جس میں ملک چلر، فیڈ مکسر، ویٹ سکیل اور دیگر آلات شامل ہیں۔جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں بیوہ اور مطلقہ خواتین کو9ہزار255 مویشی مفت فراہم کئے جا چکے ہیں۔
ایکسپورٹ ہدف کے حصول کیلئے 20 لاکھ جانوروں کی ٹیگنگ اور نسل بڑھانے کیلئے 20 لاکھ سیمن سبسڈی پر فراہم کئے جائیں گے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 2022 کے بعد مویشیوں میں گل گھوٹو اور لمپی سکن بیماری رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ لمپی سکن کی مقامی ویکسین صرف 30 روپے میں دستیاب ہے ۔مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں لائیو سٹاک جیسے اہم شعبے کو نظراندازکیاجانا انتہائی ا فسوسناک امر ہے ،لائیوسٹاک فارمز معاشی خودانحصاری کا ذریعہ ہے ۔وزیر اعلیٰ نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ ملیریا ایک خطرناک مگر قابلِ علاج مرض ہے ،اس کے خاتمے کے لئے یکسوہونا ہوگا۔ ملیریا کے خاتمے کے لئے احتیاطی تدابیر پر توجہ دی جائے ،پنجاب کا ہر فرد، ہر خاندان ہماری ترجیح ہے اور ان کا تحفظ ہمارا مشن ہے۔