صدر مملکت آصف زرداری 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

صدر مملکت آصف زرداری 5 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے

چانگشا میں نائب چیئرمین ہونان عوامی کانگریس ہوژوشینگ نے استقبال کیا دورہ کے دوران حکومت سندھ اور چینی کمپنیوں میں معاہدوں پر دستخط ہونگے

لاہور ،اسلام آباد،بیجنگ(سپیشل رپورٹر،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )صدر مملکت آصف علی زرداری 5 روزہ دورے پر چین کے شہر چانگشا پہنچ گئے۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر آصف زرداری کا چانگشا پہنچنے پر ہونان صوبائی عوامی کانگریس کے نائب چیئرمین ہو ژوشینگ نے پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔ آصف زرداری چانگشا میں قیام کے دوران صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور چین کے صوبہ ہونان میں واقع شاؤشان میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کی جائے پیدائش اور ان کی سابقہ رہائش گاہ کا دورہ بھی کریں گے۔

صدر کے دورے کے دوران حکومت سندھ اور چینی کمپنیوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ صدر زرداری لاہور سے چین کیلئے روانہ ہوئے تو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے انہیں الوداع کیا ۔لاہور میں قیام کے دوران آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کے رہنما نواب شہزاد علی خان کی صاحبزادی کی منگنی کی تقریب میں شرکت کی ،جہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق,گورنرسلیم حیدراوردیگر موجود تھے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ چین کی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں