کشمیری عوام ا لیکشن میں ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں : سہیل آفریدی
بانی مشکلات کے باوجود اصولی مؤقف پر قائم ،بہتری کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے عوام کو آئین کے مطابق حقوق، سہولیات ملنی چاہئیں، مظفرآباد میں جلسہ سے خطاب
اسلام آباد ،مظفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کشمیری عوام اپنے ووٹ کا تحفظ یقینی بنائیں اس کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جانا چا ہئے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو روکنا ضروری ہے ۔مظفرآباد کے اڈا لال چوک میں پی ٹی آئی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر کشمیریوں نے لبیک کہا، تاہم بعض مقامات پر رکاوٹوں کی شکایات بھی سامنے آئیں ، کشمیریوں اور پختونوں کا رشتہ صدیوں پر محیط ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو جرات مندی سے اجاگر کیا اور کسی مصلحت کو آڑے نہیں آنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق اور بہتری کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ عمران خان اس وقت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں لیکن وہ اصولی مؤقف پر قائم ہیں اور عوامی حقوق کے لئے ان کی جدوجہد جاری ہے ۔یہ ملک عوام کا ہے اور عوام کو آئین میں د ئیے گئے تمام حقوق اور سہولیات ملنی چاہئیں۔ جلسہ سے عبدالقیوم نیازی، خواجہ فاروق احمد اور دیگر مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے بھرپور شرکت کی اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی ،وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں نہ صرف ووٹ دیں بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی یقینی بنائیں اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔