پی ٹی آئی رہنماؤں کی سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر
شاہدرہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کی اجازت کی درخواست پر کل سماعت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے کا اضافہ چیلنج کردیا گیا
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی 9 مئی کیسوں میں سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے مقرر، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 27 اپریل کو ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری ، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، افضال عظیم پاہٹ و دیگران کی اپیلوں پر سماعت کرے گا،عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کی تقرری بارے مہلت دے رکھی ہے ۔جبکہ پی ٹی آئی کی شاہدرہ کے رزاق گراؤنڈ میں ورکرز کنونشن کی اجازت کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ،جسٹس فاروق حیدر پی ٹی آئی رہنما اکمل خان باری کی درخواست پر 27 اپریل کو سماعت کریں گے ، عدالت نے سرکاری وکیل سے جی آر سی کمیٹی کے فیصلے بارے رپورٹ طلب کر رکھی ہے ۔
علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 26 روپے 77 پیسے فی لٹر کا اضافہ چیلنج کردیا گیا ،جوڈیشل ایکٹیوزم پینل کی درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حالیہ اضافے سے پٹرول 393 روپے 35 پیسے فی لٹر ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، وفاقی حکومت نے لیوی ٹیکس کو ریونیو اکٹھا کرنے کا ہتھیار بنا لیا،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نہیں بڑھیں، 1 اعشاریہ2 کھرب لیوی وصولی کے باوجود پٹرول مہنگا کیا گیا، استدعا ہے کہ عدالت حکومت کو پٹرولیم کی من مانی قیمتیں بڑھانے سے روکے ۔لاہور ہائیکورٹ میں سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی فراہمی اور خسرہ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کرنیکی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ،جسٹس ملک اویس خالد جوڈیشل ایکٹیو ازم پینل کی درخواست پر 27 اپریل کو سماعت کرینگے ،عدالت نے پنجاب بھر میں فعال وینٹی لیٹرز اور خسرہ ویکسی نیشن بارے رپورٹ طلب کر رکھی ہے ،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 30 ہزار بیڈز کے دس فیصد وینٹی لیٹرز ہونے چاہئیں، ہزاروں خسرہ کیسز رپورٹ ہوئے ،متعدد اموات سے تشویش ناک صورتحال سامنے آئی،2026 میں خسرہ کے نئے الرٹس، حکومتی اقدامات ناکافی ہیں استدعا ہے کہ عدالت ذمہ دار افسروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دے ۔