مریم نواز کے فلاحی پروگراموں سے 16 لاکھ افراد مستفید
وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،’’مریم کو بتائیں ‘‘پروگرام کے تحت 50ہزارراشن ،2لاکھ ہمت کارڈ بڑھانے کافیصلہ لاوارث بچوں کا یتیم خانہ بنانے ، گداگروں کا ڈیٹاجمع کرنیکاحکم،سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1737 قائم
لاہور (دنیانیوز)پنجاب میں مختصر مدت کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے راشن کارڈ، ہمت کارڈ اور مینارٹی کارڈ جیسے فلاحی پروگراموں سے 16 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس میں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سوشل ویلفیئر سائرہ عمر نے بتایا کہ ہمت کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد خصوصی افراد کو مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے ، جبکہ رواں مالی سال کے دوران مزید 2 لاکھ افراد کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ اسی طرح راشن کارڈ کے تحت 14 لاکھ سے زائد مستحقین کو ماہانہ مالی امداد دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’’مریم کو بتائیں‘‘ پروگرام کے تحت مزید 50 ہزار افراد کو راشن کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ مینارٹی کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ مستحق اقلیتی افراد کو سہ ماہی10ہزار 500روپے فراہم کئے جا رہے ہیں۔خصوصی افراد کیلئے 16 ہزار سے زائد وہیل چیئرز اور معاون آلات فراہم کئے جا چکے ہیں۔دھی رانی پروگرام کے تحت 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعلیٰ نے اس پروگرام کا ہدف بڑھا کر 9 ہزار کرنے اور مزید خاندانوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے وہیل چیئرز اور دیگر آلات کی صفائی و سروسز کی سہولت فراہم کرنے ، لاوارث بچوں کیلئے یتیم خانے قائم کرنے اور خواتین و بچوں کی فلاح کیلئے مستند این جی اوز سے تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1737 کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔مریم نواز نے زکوٰۃ فنڈز کے ذریعے ادویات کی فراہمی کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے ، صنعت زار کی بہتری کیلئے نجی شعبے کی شمولیت اور صوبہ بھر میں گداگروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کی بھرپور مالی معاونت یقینی بنائی جائے اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو یورپ کی طرز پر جدید اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے تاکہ عام آدمی کی فلاح و بہبود کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا جا سکے۔