اسحاق ڈار کا برطانوی، کینیڈین،مصری وزرا ئے خارجہ سے رابطہ

اسحاق ڈار کا برطانوی، کینیڈین،مصری وزرا ئے خارجہ سے رابطہ

ایویٹ کوپر ،انیتا آنند،بدر عبد العاطی سے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال رہنماؤں نے پاکستانی سفارتی اقدامات کو سراہا، رابطے اور تعاون بڑھانے کاعزم

 اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانیہ، کینیڈا اور مصر کے وزرا ئے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے خطے کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔برطانوی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر کے ساتھ بات چیت میں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطہ اور سفارتی مشاورت ناگزیر ہے ۔رابطے کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہیں گے ۔برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارت کاری و مذاکرات کے فروغ کیلئے پاکستان کی سہولت کاری اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنندسے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے مکالمے اور سفارتکاری کیلئے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیاجن میں تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون شامل ہے ، گفتگو میں پاکستان کینیڈا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلی سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔مصری وزیر خارجہ بدر عبد العاطی نے بھی اسحاق ڈار کے سفارتی اقدامات اور خطے میں مکالمے کے فروغ کیلئے پاکستان کے مسلسل کردار کو سراہا۔بدر عبد العاطی نے مختلف علاقائی اور بین الاقوامی رہنماؤں کے ساتھ اپنی حالیہ رابطہ کاری سے بھی آگاہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے قیام کے لیے مسلسل سفارتی روابط اور مشاورت نہایت اہم ہے ۔انہوں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں