نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص
زمین آئی ڈیپ کے حوالے ، قانون سازی کا بل اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے پاس زیرِ غور منصوبے میں جدید سٹوڈیوز، وی ایف ایکس لیبز اور فلم اینڈ میوزک سکول بھی شامل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )سی بی ڈی پنجاب نے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں فلم سٹی کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کر دی ہے ۔ یہ زمین آئی ڈیپ کے حوالے کی جا چکی ہے جبکہ منصوبے سے متعلق قانون سازی کا بل پنجاب اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے پاس زیرِ غور ہے ۔پنجاب فلم سٹی کو ملک کا پہلا مکمل انٹیگریٹڈ میڈیا پروڈکشن ہب قرار دیا جا رہا ہے ، جہاں فلم، ڈرامہ، ڈیجیٹل کنٹینٹ اور اشتہاری صنعت کیلئے تمام سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت جدید سٹوڈیوز، ساؤنڈ اسٹیجز اور وی ایف ایکس لیبارٹریز قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی سطح پر عالمی معیار کی پروڈکشن ممکن بنائی جا سکے۔
فلم سٹی کے ڈیزائن میں خصوصی بیک لاٹس، سینٹرل جھیل اور متنوع شوٹنگ لوکیشنز شامل کی گئی ہیں، جو نہ صرف پروڈکشن کی ضروریات پوری کریں گی بلکہ اسے ایک نمایاں عوامی اور سیاحتی مقام بھی بنائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی ایوارڈ شوز اور فلم فیسٹیولز کے انعقاد کیلئے ایک بڑا کنونشن ہال بھی منصوبے کا حصہ ہے ، جس سے لاہور کو عالمی تقریبات کے نقشے پر لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔منصوبے میں فلم اینڈ میوزک سکول کے قیام کو بھی شامل کیا گیا ہے ، جہاں نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی ۔