ڈی جی پاکستان پوسٹ کے تبادلہ کی سمری بغیر منظوری واپس
وزارت مواصلات نے سمیع اللہ کو وفاقی سیکرٹریٹ میں تعینات کرنیکی تجویزدی
اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزارت مواصلا ت کی ڈی جی پاکستان پوسٹ آفس کے تبادلے کی وزیراعظم شہباز شریف کو ارسال کی گئی سمری تاحال منظور نہیں ہو سکی ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اعتراضات اٹھاتے ہوئے اسے وزارت مواصلا ت کو واپس بھیج دیا اور وضاحت طلب کی ہے کہ ڈی جی پاکستان پوسٹ کو عہدے سے ہٹانے کی ٹھوس وجوہات کیا ہیں، قانون کے مطابق ڈی جی کے تبادلے کے لیے پوسٹل بورڈ سے منظوری لینی ضروری ہے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارت مواصلات سے گریڈ 22 اور 21کے افسران کی سنیارٹی لسٹ بھی طلب کی ہے۔
وزارت مواصلات نے گریڈ 22 کے افسر سمیع اللہ خان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس اور انہیں وفاقی سیکرٹریٹ میں تعینات کرنے کی تجویز دی تھی جبکہ عارضی چارج کے لیے گریڈ 21 کے چار افسروں سکوارڈن لیڈر(ر) مقصود احمد، انوار ملک، شاہد جاوید ملک اور ظہیر اللہ خٹک کے نام تجویز کیے تھے ۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے اعتراضات کے باعث تبادلے کا عمل رک گیا اور اب اعتراضات کے جوابات کے بعد نئی سمری وزیراعظم کو بھیجی جائے گی۔