پٹرول 6.51، ڈیزل 19.39 روپے لٹر مہنگا، سپلائی بلاتعطل جاری رہے گی : اوگرا

پٹرول 6.51، ڈیزل 19.39 روپے لٹر مہنگا، سپلائی بلاتعطل جاری رہے گی : اوگرا

پٹرول کی نئی قیمت 399روپے 86پیسے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی 399روپے 58پیسے فی لٹر ہوگئی ، مٹی کا تیل 4روپے 45پیسے لٹر سستا ،قیمت 360روپے 76پیسے مقرر ڈیزل پر28روپے 69پیسے فی لٹر لیوی عائد ،پٹرول لیوی میں 3روپے 88پیسے کمی کردی گئی ،سوشل میڈیا پرپٹرولیم ڈیلرزکی مبینہ ہڑتال کی خبریں جعلی ہیں:ترجمان اوگرا

اسلام آباد ،کراچی (نامہ نگار،کامرس رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں)حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جبکہ مٹی کا تیل سستا کردیاگیا،اس حوالے سے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جبکہ اوگرا کا کہناہے کہ تیل کی سپلائی بلاتعطل جاری رہے گی ۔نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ،پٹرول کی نئی قیمت 399 روپے 86 پیسے فی لٹر ہوگئی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 58 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے ، نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہوگیاہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ آج یکم مئی کی چھٹی ہونے کی وجہ سے قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان گزشتہ روز ہی کردیاگیا۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر کمی کردی گئی ہے ، نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کا تیل 4روپے 45پیسے فی لٹرسستا کردیاگیا، مٹی کے تیل کی نئی قیمت360 روپے 76پیسے فی لٹر ہوگئی، اس سے پہلے مٹی کے تیل کی قیمت 365روپے 21 پیسے فی لٹر تھی جبکہ گزشتہ ہفتے مٹی کے تیل کی قیمت میں 63روپے 60پیسے فی لٹر کمی کی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے ہائی سپیڈ ڈیزل پر 28 روپے 69 پیسے فی لٹر لیوی عائدکردی ،اس سے قبل ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی صفر تھی۔

پٹرول پر لیوی میں 3 روپے 88 پیسے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے ،پٹرول پر لیوی 103 روپے 50 پیسے فی لٹر ہوگئی جواس قبل107 روپے 38 پیسے فی لٹر تھی۔ دوسری جانب ترجمان اوگرا عمران غزنوی کی جانب سے کہا گیا کہ سوشل میڈیا پرپٹرولیم ڈیلرزکی مبینہ ہڑتال سے متعلق جعلی خبریں گردش کررہی ہیں، کسی بھی پٹرولیم ایسوسی ایشن نے کسی قسم کی ہڑتال کا اعلان نہیں کیا،پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی بلاتعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن اور غیر مصدقہ خبروں پر کان نہ دھریں اور درست معلومات کیلئے صرف مستند اور سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ وضاحت عوامی مفاد میں جاری کی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کاکہناہے کہ یکم مئی سے پٹرول پمپس کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،مشرق وسطیٰ جنگ کے آغاز سے ہی پٹرولیم سپلائی بلاتعطل برقرار رکھی گئی ہے ، مستقبل میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی یقینی بنائی جائے گی۔آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے یکم سے 5 مئی تک ملک گیر ہڑتال کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد افواہیں قرار دے دیا۔ ایسوسی ایشن کے مطابق پٹرول پمپس کی بندش سے متعلق زیر گردش اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں اور ملک بھر میں تمام پٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں