افغانستان سے خیبر پختونخوا میں دراندازی ناکام، 13 دہشتگرد ہلاک
افغان رجیم اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ، خوارج کو افغان سرزمین کے استعمال سے روکے ،آئی ایس پی آر
اسلام آباد( خصوصی نیوز رپورٹر ) پاک فوج نے 28اور 29اپریل کو پاک افغان سرحد سے خیبر پختونخوا میں دراندازی کی دو کوششیں ناکام بنادیں ،بھارتی سپانسرڈ 13فتنہ الخوارج جہنم واصل کردیئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق ہلمند میں پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت سکیورٹی فورسز نے بروقت پکڑ لی،سکیورٹی فورسز نے خوارج کے اس گروہ کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، 8 خوارج مارے گئے، ایک اور کارروائی میں شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے ساتھ خوارج کی دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تصدیق کرتی ہیں کہ افغان طالبان حکومت اپنی جانب مؤثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے میں مکمل ناکام رہی ہے ،افغان طالبان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور افغان سرزمین کو خوارج کے استعمال سے روکے ۔ افغان شہریوں کے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کا راستہ بند کیا جائے ۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قومی سرحدوں کے دفاع کے عزم پر ثابت قدم اور غیر متزلزل ہیں۔