پاکستان ترکیہ کا عدالتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق
جوڈیشل وفد کادورہ ترکیہ، مقصد پاکستان کا عدالتی نظام جدید خطوط پر استوار کرنا :حکام
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر) پاکستانی جوڈیشل وفد نے ترکیہ کا دورہ کیا، دونوں ملکوںکے درمیان عدالتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد میں جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس علی بیگ اور ضلعی عدلیہ کے ججز شامل تھے ۔ وفد نے استنبول میں آئینی عدالت ترکیہ کے ججز اور حکام سے ملاقاتیں کیں، جدید عدالتی نظام، ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا گیا، پاکستانی وفد کو ترکیہ کے عدالتی ڈھانچے ، کیس مینجمنٹ اور آئی ٹی سسٹمز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاکستانی ججز نے جدید کیس مینجمنٹ سسٹمز اور عدالتی امور میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا عملی جائزہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کے عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور مزید مؤثر بنانا ہے۔