بجلی سبسڈی نظام میں تبدیلی 200 یونٹس تک صارفین کیلئے کیو آر رجسٹریشن لازمی

بجلی سبسڈی نظام میں تبدیلی  200 یونٹس تک صارفین  کیلئے کیو آر رجسٹریشن لازمی

اسلام آباد (نامہ نگار، نمائندہ دنیا) بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور حکومتی سبسڈی شفاف انداز میں مستحقین تک پہنچانے کیلئے اہم قدم اٹھایا ہے۔

کم بجلی استعمال کرنے اور مستحق صارفین کے لیے بجلی سبسڈی کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی ہے ۔ اب 200 یونٹس تک یا اس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی کی فراہمی کیو آر کوڈ رجسٹریشن سے مشروط ہوگی۔بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ سکین کرکے صارفین کو ایک مخصوص لنک پر رجسٹریشن کرنا ہوگی جس کے بعد ہی وہ سبسڈی کے مستحق تصور ہوں گے ۔ اس نظام کے تحت ہر صارف کے بل میں واضح طور پر بتایا جائے گا کہ اسے کس مہینے میں کتنی سبسڈی دی گئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت یہ اقدام آئی ایم ایف کے کہنے پر اٹھا رہی ہے تاکہ سبسڈی کے طریقہ کار میں شفافیت لائی جائے ،اس کے ساتھ ساتھ حکومت کراس سبسڈی اور ٹیرف ڈیفرنشل سبسڈی کے موجودہ نظام کو بھی بتدریج ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ بعض صارفین کی جانب سے 200 یونٹس کی حد برقرار رکھنے کے لیے اضافی میٹرز کے استعمال کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں جنہیں روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزارتِ توانائی کے مطابق اس اقدام کا مقصد سبسڈی ختم کرنا نہیں بلکہ اسے زیادہ شفاف اور مستحق افراد تک محدود کرنا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف دینا ترجیح ہے جبکہ وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بلوں پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے بروقت رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ سبسڈی کا تسلسل برقرار رہ سکے ۔ اگر کسی صارف کو بل پر کوئی غلطی یا دیگر پریشانی ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی کمپنی کے ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں