پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں : خواجہ آصف

پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کا کوئی مقابلہ نہیں : خواجہ آصف

سیالکوٹ ٹیچنگ ہسپتال کے فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کے مشکور ہیں:وزیر دفاع ہسپتال دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا :خواجہ سلمان،تقریب سے خطاب

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا مقابلہ کوئی دوسرا صوبہ نہیں کر سکتا ،سیالکوٹ میں نئے ٹیچنگ ہسپتال کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے مشکور ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علامہ اقبال میڈیکل کالج سیالکوٹ میں 9 ارب روپے کی لاگت سے بننے والے 300 بیڈز پر مشتمل نئے ٹیچنگ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت و افرادی قوّت خواجہ محمد منشاء اﷲ، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی بھی  موجود تھیں۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے 2016 میں اس منصوبے کی منظوری دی مگر بعد کی حکومتوں نے اسے دس سال تک تاخیر کا شکار رکھا، جس کے باعث منصوبے کی لاگت 4 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً 9 ارب روپے تک پہنچ گئی اور قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ سیالکوٹ میں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ، نالہ بھید کی ازسر نو ڈیزائننگ کی جا رہی ہے ،تاریخی مقامات اور قلعہ سیالکوٹ کی بحالی اور تزئین و آرائش پر بھی کام جاری ہے ،صوبائی وزیر خواجہ منشاء اﷲاور فیصل اکرام کی کاوشوں سے 18 ارب کی لاگت سے رنگ روڈ منصوبہ منظور ہوا ،یہ منصوبہ دو برس میں مکمل ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سیالکوٹ میں آئندہ ایک ماہ کے اندر دل کے بائی پاس آپریشن کی سہولت میسر ہوگی ،ٹیچنگ ہسپتال فاسٹ ٹریک پر دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ شہر میں نالوں پر غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں کو کہتا ہوں تجاوزات خود ہٹا دیں ورنہ ہم ہٹائیں گے ،پچھلے سال سیالکوٹ کے تینوں نالوں میں طغیانی سے تباہی ہوئی تھی کیونکہ نالوں پر غیرقانونی طور پر تعمیرات کی گئی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں