معرکہ حق نے ملکی وقار میں عالمی سطح پر اضافہ کیا :گورنر پنجاب
صدر کا دورہ چین دونوں ملکوں کو مزید قریب لائے گا:سردار سلیم حیدر معرکہ حق پر قوم کو مبارکباد، عالمی دن پر ماؤں کو خراج عقیدت پیش
لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ معرکہ حق نے ملکی وقار میں عالمی سطح پر اضافہ کیا ،آج دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ،فیلڈ مارشل جنرل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا، آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان نے مودی سرکار کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا۔اسلام آباد میں ایک تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے مزید کہاکہ صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ چین دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں معاون ثابت ہو گا۔
معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہو گا، آج باہر سے انویسٹمنٹ آنا شروع ہو گئی ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو شعار بنایا ۔ دریں اثنا گورنر پنجاب نے معرکہ حق (آپریشن بنیان مرصوص )کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ صدر مملکت، فیلڈمارشل، وزیراعظم ، مسلح افواج اور پاکستان کے غیور عوام کو خراج تحسین پیش کرتاہوں ،ایک سال قبل ہماری بہادر افواج نے بھارت کو جس طرح دھول چٹائی تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی ، بلاول بھٹو نے سفارتی سطح پر بھارت کا جھوٹ بے نقاب کیا، آج کوئی بھارت کی بات سننے کو تیار نہیں ،اب ہمیں ملک کو معاشی طور سے مضبوط بناناہے ۔ مزید براں سلیم حیدر نے ماؤں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہدا کی ماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ، ماں جیسے عظیم اور بے لوث رشتے کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں ۔