ڈار سے امریکی ناظم الامور، اقوام متحدہ کے ایلچی کی ملاقاتیں
وزیرخارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ،مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال پاکستان کی سفارتی کوششیں امن کیلئے مددگار ثابت ہونگی :نیٹلی بیکر سے گفتگو
اسلام آباد (نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور پاک امریکا دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے مشرق وسطٰی تنازع کیلئے ذاتی ایلچی ژاں آرنو بھی اسحاق ڈار سے ملے جبکہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر سے ملاقات کے دوران ایران، امریکا رابطوں میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے کہا پاکستان کو امید ہے کہ جاری سفارتی کوششیں خطے اور دنیا میں امن کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
اسحاق ڈار نے سنگاپور کے ذریعے پاکستانی اور ایرانی بحری کارکنوں کی واپسی میں امریکی تعاون کو سراہاجبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ایلچی ژاں آرنو نے اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور اقوام متحدہ کی جانب سے اس سلسلے میں مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات اور پاکستان کیلئے مسلسل تعاون قابلِ قدر ہے ۔ادھر دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران سعودی وزیرِ خارجہ نے خطے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اسلام آباد کی کوششوں خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں کے حوالے سے حمایت کا اعادہ کیا۔