کئی شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش، آج بھی امکان
بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع،لاہور کے متعدد علاقوں میں بجلی بندرہی خیبر پختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ، الرٹ جاری
لاہور، پشاور ،اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،اپنے رپورٹرسے )ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی ، لاہور میں آندھی اور بارش سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث کئی پر وازیں متاثر ہوگئیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی ووسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار،با لائی خیبرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پربارش ہو ئی ، آج بھی امکان بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ،بعض مقامات پر درمیانی سے تیز بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ ادھر ترجمان پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر اپر و لوئر چترال، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھلیوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیاہے ۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک نے بتایا کہ عید سے قبل بارش برسانے کا ایک اور سلسلہ آنے کا امکان ہے تاہم ابھی حتمی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی ،عید کے دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔