ایوب خان گادھی پر حملے کا مقدمہ درج،جاں بحق افرادسپرد خاک
واصف راشد، سہیل افضل، تصویر افضل، فرمان علی،عمران علی سمیت3 نامعلوم نامزد زخمی ایم پی اے علاج کے لیے لاہور منتقل ، وزیر اعلیٰ کا نوٹس ، ملزم گرفتار کرنے کا حکم
رجانہ (نمائندہ دنیا)ایم پی اے ایوب خان گادھی کے ڈیرے پر فائرنگ اور قتل و اقدامِ قتل کے افسوسناک واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔مقدمہ سردار مسعود خان گادھی کی مدعیت میں تھانہ رجانہ میں درج کیا گیا، قتل، اقدامِ قتل، دہشتگردی سمیت دفعات 302، 324، 148، 149 اور 7ATA شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر میں واصف راشد، سہیل افضل، تصویر افضل، فرمان علی اور عمران علی سمیت تین نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں 184 گ ب میں ادا کر دی گئی۔زخمی ہونے والے ایوب خان گادھی کو بہتر علاج کے لیے لاہور منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی عیادت کے لیے مختلف سیاسی شخصیات بھی پہنچیں۔ اب ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے ۔مریم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملز موں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں، جبکہ پولیس کے مطابق چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔