قومی اسمبلی: 9 ماہ میں 12 کھرب سے زائد پٹرولیم لیوی وصول
انسدادزنابالجبر ترمیمی اور کتابوں پر پلاسٹک کور کی ممانعت کے بلز منظور
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر،نامہ نگار) گزشتہ 9 ماہ کے دوران عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 12 کھرب 5 ارب 18 کروڑ روپے وصول کیے گئے ۔ پٹرولیم مصنوعات پر لیوی وصولی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔دستاویزات کے مطابق مارچ میں صارفین سے ایک کھرب 37 ارب روپے پٹرولیم لیوی وصول کی گئی جبکہ فروری میں وصولی کا حجم ایک کھرب 20 ارب روپے رہا۔ جنوری میں ایک کھرب 24 ارب روپے ،گزشتہ سال جولائی میں ایک کھرب 45 ارب، اگست میں ایک کھرب 15 ارب، ستمبر میں ایک کھرب 11 ارب اور اکتوبر میں ایک کھرب 45 ارب روپے کی لیوی وصول ہوئی۔ نومبر میں یہ رقم ایک کھرب 51 ارب جبکہ دسمبر میں ایک کھرب 57 ارب روپے رہی۔دستاویزات میں بتایا گیا کہ صارفین سے کلائمیٹ سپورٹ لیوی کی مد میں اب تک 35 ارب روپے وصول کیے جا چکے جبکہ حکومت نے اس مد میں 51 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے ۔
قومی اسمبلی نے انسدادزنابالجبر(تفتیش وسماعت مقدمہ)ترمیمی بل 2025کی منظوری دیدی ۔ ایوان نے بل پرعالیہ کامران کی ترامیم کومستردکردیا۔قومی اسمبلی نے کتابوں پر پلاسٹک کور کی ممانعت کے بل اورپاکستان ایمرجنسی ٹریٹمنٹ کوریج پروگرام بل 2024 کی بھی منظوری دے دی۔ ایوان زیریں نے ممتاز پاکستانی ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان کی شاندار کامیابی پرتہنیتی قراردادکی بھی منظوری دی۔قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا، منگل کو دوبار کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔اجلاس کے آغاز پر اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی،گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلاجس کی وجہ سے اجلاس کچھ دیر تک ملتوی کرنا پڑا ۔بعدازاں قومی اسمبلی کا کورم پورا ہونے پر جاری تھا کہ اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی۔گنتی کرنے پر کورم پورا نہ نکلا اور اجلاس کورم پورا ہونے تک ملتوی کردیاگیا۔بعدازاں کورم پورا ہونے پر اجلاس دوبارہ شروع ہوگیا۔
علاوہ ازیں قومی اسمبلی اجلاس میں ملک بھرمیں دوکروڑ60لاکھ بچوں کی سکولوں میں نہ جانے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس پروزیرمملکت برائے تعلیم وجیہہ قمرنے کہا کہ ان مسائل کوحل کرنے کی ضرورت ہے جن کی وجہ سے بچے سکول نہیں جاتے ،18ویں ترمیم کے بعد صوبے بھی اپناکرداراداکررہے ہیں۔ مدارس کے مسائل کے حوالہ سے ڈائریکٹوریٹ آف ریلیجئیس ایجوکیشن اپناکرداراداکررہاہے ، تمام مدارس کواس کی رجسٹریشن حاصل کرنی چاہئے ۔ بعدازاں ڈپٹی سپیکرنے اجلاس آج(بدھ ) دن گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔