سرفراز بگٹی کی وزارت اعلیٰ کے عہدے پر پوزیشن مستحکم
پی پی ، ن لیگ میں ڈھائی ،ڈھائی سال معاہدے کی افواہیں دم توڑ گئیں بلاول کادورہ کوئٹہ، وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا، ترقیاتی کام مکمل کرنیکاٹاسک
کوئٹہ (عرفان سعید )پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی وزارت اعلیٰ پر پوزیشن ایک بار پھر سے مستحکم دکھائی دینے لگی ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان ڈھائی ڈھائی سالہ حکومتی مدت کے مبینہ معاہدے کی قیاس آرائیاں اس وقت دم توڑ گئیں جب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دورہ کو ئٹہ میں اپنی تقریر کے دوران وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعلیم اور دیگر شعبوں کے منصوبہ جات کو اگلے تین سالوں میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ بلاول بھٹو زرداری جو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران محکمہ صحت کے 11 منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے اپنی تقریر میں نہ صرف محکمہ صحت کی کاوشوں کی تعریف کی بلکہ سندھ میں بھرتیوں کے نظام کو بلوچستان حکومت کے طرز پر شفاف بنانے کے لئے اے آئی اور جدید ٹیسٹنگ سسٹم کے لئے بلوچستان حکومت سے مدد مانگی ۔
بلاول بھٹو زرداری کی تقریر میں وزیراعلیٰ کو آئندہ برسوں میں تعلیم سمیت دیگر محکموں کے منصوبوں کو مکمل کرنے کے ٹاسک دینے پر سیاسی حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی کہ انہوں نے واضح اشارہ دے دیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی پانچ سال تک اپنی مدت پوری کریں گے ۔سیاسی اور بعض مسلم لیگ ن کے حلقوں کی جانب سے گزشتہ کچھ عرصہ سے یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان بلوچستان میں ڈھائی ڈھائی سالہ حکومتی معاہدہ ہوا ہے جس کے باعث پیپلز پارٹی کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی حکومتی مدت اب ختم ہونے جارہی ہے ، دوسری جانب پیپلز پارٹی کے اپنے ہی گروپ میں سرفراز بگٹی کے مخالف ارکان صوبائی اسمبلی کو بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے واضح پیغام مل گیا ہے کہ پارٹی بلوچستان میں سرفراز بگٹی کی کارکردگی سے مطمئن ہے ۔