سینیٹ:پاکستان نرسنگ کونسل ،سپیشل اقتصادی زونز ترمیمی بلز منظور
14 ارکان نے نرسنگ کونسل بل کی منظور ی اور 13 نے کمیٹی کو بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا ،اپوزیشن نے بھی حمایت کی سیاسی قیدیوں سے ملاقات کیلئے سینیٹرز کی کمیٹی بنائی جائے :اپوزیشن لیڈر، 23جامعات مستقل وائس چانسلرز ، ریکٹرز سے محروم
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )سینیٹ نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026 رائے شماری میں کثرت رائے سے اور سپیشل اکنامک زونز (ترمیمی) بل 2026 منظور کر لیے جبکہ مزید چار بلز تفصیلی غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دئیے گئے ، پریذائیڈنگ آفیسر شیریں رحمن کی زیر صدارت اجلاس میں وقفہ سوالات کے بعد وفاقی وزیرصحت سید مصطفی کمال نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل بل 2026 اور وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے سپیشل اکنامک زونز (ترمیمی) بل 2026 پیش کیا۔ پریذائیڈٖنگ آفیسر سینیٹر شیری رحمان نے بل کو رائے شماری کے لیے پیش کیا۔ 14 ارکان نے بل کو براہِ راست منظور کرنے کے حق میں جبکہ 13 ارکان نے اسے کمیٹی کو بھجوانے کے حق میں ووٹ دیا ۔بل کے حق میں اپوزیشن ممبران نے بھی ووٹ دیا جبکہ بل کو قائمہ کمیٹی بھجوائے جانے کے لئے بعض حکومتی ممبران نے بھی ووٹ دیا رائے شماری میں بل منظور ہونے کی شق وار منظوری دی گئی۔ اس بل کے تحت کونسل کو سرکاری، نجی اور پیشہ ورانہ شعبوں کی متوازن نمائندگی کے ساتھ ازسرِنو تشکیل دیا جائے گا، وزارتِ قومی صحت خدمات کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا اور رجسٹرڈ چارٹرڈ اکا ئونٹنٹ فرموں کے ذریعے آڈٹ کروا کر مالی شفافیت قائم کی جائے گی۔بل میں اداروں اور تعلیمی اسناد کو شفاف تھرڈ پارٹی ایکریڈیٹیشن کے ذریعے تسلیم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے ۔
بلال اظہر کیانی نے نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (ترمیمی) بل 2026، فسکل ریسپانسبلٹی اینڈ ڈیٹ لیمیٹیشن (ترمیمی) بل 2026 اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کنڈومینیم (اونرشپ اینڈ مینجمنٹ) بل 2026 بھی ایوان میں پیش کیے ۔قائم مقام چیئر نے ان چاروں بلز کو قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیا۔ علاوہ ازیں سینیٹ اجلاس میں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں سے ملاقات کیلئے اس ایوان کے اراکین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے ۔سیاسی قیدیوں سے ملاقات کرائی جائے اور جیلوں کی حالت زار کے بارے میں رپورٹ دی جائے ۔ سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے مختص میڈیکل نشستوں کے مسئلے کا مستقل حل نکالنے پر کام کر رہی ہے تاکہ ہر سال پیدا ہونے والی مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے ۔ وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے بتایا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر اور پرانی سڑکوں کی مرمت ٹول ٹیکس کی آمدن سے ہی ممکن ہے ۔طویل عرصے سے زیرِ التوا سکھر۔
حیدرآباد موٹروے منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا جبکہ منصوبے کے پانچ میں سے تین سیکشن کی منظوری دی جا چکی ہے ۔ایوان میں تحریری طور پر بتایا گیا کہ ملک کی 163جامعات میں سے مجموعی طور پر 23 جامعات اس وقت مستقل وائس چانسلرز ، ریکٹرز کے بغیر کام کر رہی ہیں۔ بعد ازاں ایوان بالا کااجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔