ٹرمپ ایران کیخلاف پھر حملے کی تیاری کر چکا:نجم سیٹھی
محسن نقوی اسی لئے ایران گئے تاکہ انہیں سمجھایا جائے کچھ شرائط مان لیں ہوسکتا مذاکرات شروع ہوجائیں:پروگرام’’آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئرتجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میں کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ صدر ٹرمپ ایک اور راؤنڈ کریگا،اس کی پوری تیاری ہوچکی ،امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے بھی یہی لکھا ہے کہ ایران پر حملے کیلئے تیاریاں پوری ہوچکیں۔دنیا نیوز کے پروگرام''آج کی بات سیٹھی کے ساتھ''میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے ہفتے نیا راؤنڈ پھر سے ہو گا،یہی اسرائیل کی خواہش ہے تاکہ ٹرمپ کو اس دلدل سے نکلنے کا راستہ مل جائے ، صدرٹرمپ کو یہ کہنے کا موقع مل سکے اور کہے جو رہ گیا میں نے وہ سب کچھ تباہ کردیا ،اب کوئی مسئلہ نہیں ،آبنائے ہرمز کے بارے میں خلیجی ممالک خود ہی ٖ فیصلہ کرلیں۔
محسن نقوی اسی لئے ایران گئے تاکہ ان کو سمجھایا جائے کہ کچھ شرائط مان لیں اورپھر مذاکرات شروع کردیں تاکہ سیز فائر میں توسیع ہوسکے ، ایران دوبارہ مذاکرا ت پر آسکتا ہے ، ایران کے جوہری پروگرام کی معطلی اور افزودہ یورینیم کی منتقلی کے ایشوز پر مجھے پیش رفت نظر آرہی ہے ،اس بنیاد پر ہوسکتا ہے مذاکرات شروع ہوجائیں۔سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ یورینیم بارے میرا خیال ہے کہ ایران روس کے پاس رکھ لے گا، دوسرا یہ کہہ دے گا کہ ہم بیس یا پندرہ سال تک گارنٹی دیتے ہیں کہ ہم کچھ نہیں کریں گے ،اگر یہی باتیں کسی طریقے سے طے ہوجاتی ہیں توپھر اگلامذاکراتی راؤنڈ اسلام آباد میں ہوسکتا ہے ،محسن نقوی یہی آخری پیغام لے کر گئے ہیں اور ایرانیوں کو یہی کہا ہوگا کہ امریکا کو غیر سنجیدہ نہ لیں ، آپ کچھ نہ کچھ کنسیڈ کردیں کہ ہاں ہم یہ باتیں کرنے کو تیار ہیں ،اگر ایران کوئی بات نہیں مانتا تو پھر امریکا بمباری کرے گا۔