باکو ورلڈ اربن فورم میں پنجاب پویلین کا افتتاح: ’’اپنی چھت ، اپنا گھر‘‘ پروگرام دل کے قریب : مریم نواز
آئی گیجٹس کی مدد سے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا لائیو ورچوئل وزٹ، تعمیراتی ڈاکومنٹری سٹوری بھی دیکھی عوام کو بلاتفریق گھر بنانے کیلئے قرض ملا:وزیراعلیٰ، ورلڈ اینوویشن میں پروگرام ٹاپ پر، مریم کا اظہار مسرت
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آذربائیجان کے شہر باکو میں ورلڈ اربن فورم میں پنجاب پویلین کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے اربن ایکسپو میں قائم پنجاب پویلین کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز کا معائنہ کیا۔ڈی جی پھاٹا ذیشان سکندر نے وزیراعلیٰ کو پنجاب پویلین میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ورلڈ اینوویشن میں ٹاپ پر‘‘اپنی چھت، اپنا گھر’’ پروگرام دیکھ کر اظہار مسرت کیا اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں ہاؤسنگ پراجیکٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے آئی گیجٹس کی مدد سے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کا لائیو ورچوئل وزٹ کیا اور اپنی چھت، اپنا گھر کی تعمیراتی ڈاکومنٹری سٹوری کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب پویلین کے سٹال پر موجود سٹاف سے بات چیت کی اور غیر ملکی شرکاء کو پنجاب کے افورڈ ایبل اربن ہا ئوسنگ پراجیکٹ کی کامیابی سے متعلق آگاہ کیا۔ عالمی وفود نے مریم نوازشریف کے وژن اور عوامی اقدامات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کی دستاویزی فلم میں عوام کی بے لاگ خوشی دیکھ کرغیر ملکی میڈیا اورمہمانوں نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو تالیاں بجا کر داد دی۔ آذربائیجان کے شہر باکو میں پنجاب پویلینکی افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی میڈیا نے ریکارڈ اور بھرپور شرکت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے پنجاب پویلینمیں موجود شرکاء،عالمی وفود اور میڈیا پرسنز نے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بتایا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میرے دل کے بہت قریب ہے ۔ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں پنجاب کے عوام کو بلاتفریق اور بلاامتیاز گھر بنانے کے لئے قرض ملا۔ پراجیکٹ کے تحت 600سے 700گھر روزانہ بن رہے ہیں۔ محض ایک سال کے قلیل عرصے میں اپنی چھت، اپنا گھرسکیم کے تحت 1 لاکھ سے زائد گھر مکمل ہوئے ہیں۔ ورلڈ اربن فورم میں عالمی میڈیا نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کے اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کی ریکارڈ رفتار کو رول ماڈل قرار دے دیا۔