شمالی وزیرستان : سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک
تحصیل شیوا میں 24گھنٹوں کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد ہلاک ہوئے ، بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد
راولپنڈی،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کاآپریشن ، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت ہلاک ہوگئے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں کارروائی کی اور اس دوران خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ،گزشتہ 24 گھنٹوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگرد ہلاک کر د یئے گئے ،ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے ، مارے جانے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج نے مقامی آبادی کو خوف و ہراس کا نشانہ بنا کر انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔
جو نہایت قابلِ مذمت عمل ہے اور جس کی کوئی بھی توجیہ پیش نہیں کی جا سکتی، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بے رحم مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی،علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا موثر محاصرہ کر رکھا ہے تاکہ چھپے مزید دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اورکہاکہ مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا فتنہ الخوارج کی سفاکیت اور انسان دشمنی کا ثبوت ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزم استحکام ویژن کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھرپور کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں اور اسے جڑ سے ختم کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔