کراچی ایئر پورٹ:رن وے پر کتے کی موجودگی کپتان نے طیارے کو بڑے حادثے سے بچا لیا

کراچی ایئر پورٹ:رن وے پر  کتے کی موجودگی کپتان نے  طیارے کو بڑے حادثے سے بچا لیا

کراچی (آئی این پی)کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر کتے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، تاہم ٹیک آف کے لئے تیار نجی ایئرلائن کی پرواز حادثے سے بچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے پر کتے کی موجودگی کے باعث فلائٹ آپریشن کے دوران بڑا حادثہ ٹل گیا۔

ٹیک آف کے لیے تیار نجی ایئرلائن کی پرواز کے کپتان کی بروقت نشاندہی پر سیفٹی پروٹوکول کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی نجی پرواز پیر کی رات روانگی کے لیے رن وے کے ٹیک آف پوائنٹ پر بالکل تیار موجود کہ عین اسی وقت کپتان کو رن وے پر ایک کتے کی موجودگی کا احساس ہوا، جس پر اس نے فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرولر کو صورتحال سے آگاہ کیا۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جانور کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی مروجہ سیفٹی پروٹوکول کے تحت فوری کارروائی کی گئی اور رن وے کو کلیئر کرایا گیا اور ایئر ٹریفک کنٹرول سے دوبارہ مکمل کلیئرنس ملنے کے بعد پرواز کو پیر کی رات ہی بحفاظت اسلام آباد کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ترجمان پی اے اے نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ رن وے کی سکیورٹی اور رات کے وقت موثر نگرانی یقینی بنانے کیلئے بڑا قدم اٹھایا گیا ہے ، رن وے کے اطراف جدید تھرمل امیجنگ کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ چند ہی روز کے اندر ان جدید کیمروں کی مدد سے رن وے کی 24 گھنٹے نگرانی کا عمل شروع ہو جائے گا، جس سے فلائٹ آپریشنز اور ایئرپورٹ سیفٹی کا معیار مزید بہتر اور فول پروف ہو جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں