پختونخوا کے کئی علاقوں میں طوفان باد و باراں ،12افراد زخمی

 پختونخوا کے کئی علاقوں میں طوفان باد و باراں ،12افراد زخمی

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ،پنجاب میں بھی بارشوں کا امکان

اسلام آباد،پشاور،شانگلہ (نیوز ایجنسیاں ) خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ،سوات، شانگلہ میں شدید طوفان اور بارش سے تباہی، متعددرہائشی گھروں، سکولوں کی چھتیں اڑ گئیں،12افراد زخمی، مین ٹرانسمیشن لائن سمیت کھمبے ٹوٹنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ، گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی،چند روز میں پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز شانگلہ کی تحصیل چکیسر، تحصیل الپوری، تحصیل کانا اور دیگر مضافاتی علاقوں میں رات گئے اچانک تیز آندھی کے ساتھ شدید بارش نے دیکھتے ہی دیکھتے طوفانی صورتحال اختیار کر لی، محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں 23 مئی تک مزید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیاہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں