قومی اسمبلی اجلاس کورم کی نذر، ملتوی کرنا پڑا، ایجنڈا مکمل نہ ہوسکا
پی ٹی آئی رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی ، گنتی پردونوں بار نا مکمل نکلا
اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کا اجلاس کورم کی نذر ہوگیا جس کے باعث ایوان کی کارروائی آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کرنا پڑی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سید مصطفی شاہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کردی۔گنتی کرانے پر مطلوبہ کورم پورا نہ نکلا جس کے باعث ڈپٹی سپیکر نے پندرہ منٹ کے لیے اجلاس کی کارروائی ملتوی کردی۔ بعد ازاں اجلاس دوبارہ شروع کیا گیا تو ڈپٹی سپیکر نے دوبارہ گنتی کرانے کی ہدایت کی تاہم دوسری مرتبہ بھی کورم پورا نہ ہوسکا۔جس پر ڈپٹی سپیکر نے اجلاس آج صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔ اجلاس ملتوی ہونے کے باعث ایجنڈا بھی نہ لیا جاسکا حالانکہ آج پرائیویٹ ممبر ڈے تھا۔