فیصلہ کن مذاکرات، محسن نقوی دوبارہ ایران میں : وزیرداخلہ کی ایک ہفتے میں ایرانی صدر سے دوسری ملاقات، معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے : عرب میڈیا

فیصلہ کن مذاکرات، محسن نقوی دوبارہ ایران میں : وزیرداخلہ کی ایک ہفتے میں ایرانی صدر سے دوسری ملاقات، معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے : عرب میڈیا

محسن نقوی ایرانی وزیرداخلہ سکندر مومنی ،کمانڈر انچیف پاسداران انقلاب جنرل وحیدی سے بھی ملے ،مزید مشاورت کیلئے اہم پاکستانی شخصیات ایران پہنچ سکتیں،حج کے بعد مذاکرات کا نیا دور اسلام آباد میں متوقع مذاکرات آخری مرحلے میں ،معاہدہ نہ ہوا تو مزید حملے ہوں گے :ٹرمپ،جارحیت دہرائی تو جنگ خطے سے باہر پھیل جائیگی:ایران ،چینی و کوریائی ٹینکر سمیت 26 جہاز آبنائے ہرمز سے گزر گئے ،تیل 3فیصد سستا

اسلام آباد،تہران، واشنگٹن(ذیشان یوسفزئی، نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان فیصلہ کن مذاکرات کیلئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دوبارہ تہران پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ایک ہفتے میں دوسری ملاقات کی، وہ ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی سے بھی ملے ،اس دوران خطے کی صورتحال اور ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کی گئی ، محسن نقوی کا پہلا دورہ غیر اعلانیہ تھا تاہم اس دورے کے دوران ہمیں ایک غیر معمولی پیش رفت دیکھنے کو ملی ،اس موقع پر محسن نقوی کی جنرل وحیدی کے ساتھ ملاقات کی بھی تصاویر جاری کی گئیں، اس پہلے پاسدارانِ انقلاب سے بات چیت یا ملاقات کو خفیہ رکھا جاتا تھا، بنیادی طور پر ٹرسٹ بلڈنگ اور سنجیدگی ظاہر کرنے کے لئے اس طرح کے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جا سکے کہ بات چیت میں کس حد تک پیش رفت متوقع ہے ، محسن نقوی گزشتہ روز ہی ایران سے سیدھا بلوچستان پہنچے تھے جہاں پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

گزشتہ دورہ ایران میں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، چیف مذاکرات کار باقر قالیباف ، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیرداخلہ سکندر مومنی سے ملاقاتیں کی تھیں۔ محسن نقوی نے ان دونوں دوروں میں تقریباً ایران کے تمام سٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کی ہیں جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ مذاکرات میں اہم پیش رفت متوقع ہے جبکہ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں کوئی بیان سامنے آسکتا ہے ،عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ معاہدے کے حتمی نکات کا اعلان جلد متوقع ہے جبکہ معاہدے کے متن کو حتمی شکل دینے کے لئے سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں، دونوں فریق اہم نکات پر پیش رفت کے لئے رابطے میں ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق پاکستان کی اہم شخصیات کی ایران روانگی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، جہاں مختلف سفارتی ملاقاتیں اور مشاورت متوقع ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ حج کے بعد معاہدے کے حتمی نکات پر مذاکرات کے نئے دور کا انعقاد اسلام آباد میں متوقع ہے ، جہاں مختلف فریقین کے درمیان بات چیت کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی بدھ کے روز کہا ایران کے ساتھ مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو مزید حملے کئے جا سکتے ہیں اور تہران کو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم ایران کے معاملے کے آخری مرحلے میں ہیں،دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے ،یا تو معاہدہ ہوگا یا پھر ہم کچھ ایسے اقدامات کریں گے جو خاصے سخت ہوں گے ، لیکن امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا،ہم ایران کو ایک موقع دیں گے ،مجھے کوئی جلدی نہیں،میری خواہش یہی ہے کہ کم لوگ مارے جائیں، زیادہ نہیں،ہم دونوں طریقوں سے یہ کر سکتے ہیں۔ میں بس یہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنے لوگوں کا بھلا چاہتے ہیں یا نہیں۔ایران میں اس وقت بہت غصہ ہے کیونکہ لوگ بُری حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ کافی ہلچل ہے جو ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھلا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں اوروہ فوری طور پر کھل جانی چاہیے ۔انہوں نے کہا ایران کو ایک اور اچھی ڈیل دے رہے ہیں، نہ مانا تو بہت بُرا ہوگا، انہوں نے کہا ایران کے معاملے پر میرے اور نیتن یاہو کے درمیان اتفاق ہے ، نیتن یاہو کو جو کہیں گے وہ کرے گا۔ادھر پاسداران انقلاب نے بدھ کو خبردار کیا کہ اگر امریکا اور اسرائیل نے اس پر دوبارہ حملے شروع کئے تو مشرق وسطیٰ کی جنگ خطے سے باہر تک پھیل جائے گی۔

پاسداران انقلاب کے گارڈز نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ایران کے خلاف جارحیت دُہرائی گئی تو اس بار یہ علاقائی جنگ خطے سے باہر پھیل جائے گی، اور ہمارے تباہ کُن حملے آپ کو کچل دیں گے ، ہماری تباہ کن ضربیں آپ کو ایسی جگہوں پر لگیں گی جن کا آپ تصور بھی نہیں کر سکتے ، پچھلی جنگ میں امریکا نے اپنی تمام صلاحیتیں استعمال کیں، لیکن ہم نے اپنی تمام صلاحیتیں استعمال نہیں کیں۔ انہوں نے مزید کہا ہم جنگجو ہیں، اپنی طاقت سوشل میڈیا پر صرف کھوکھلے بیانات میں نہیں بلکہ میدان جنگ میں دکھائیں گے ۔ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ دشمن کی کھلی اور خفیہ چالیں ظاہر کرتی ہیں کہ امریکی نئے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایرانی عوام ملک کے دو دشمنوں امریکا اور اسرائیل کی خلاف لاجواب مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ مزاحمت آخر تک جاری رہے گی، سپریم لیڈر نے کہا انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ پوری ایرانی قوم میں شروع سے اب تک اتحاد قائم ہے ۔

چین میں ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ایران امریکا تعلقات پیچیدہ معاملہ ہے ، پھربھی چین نے اسلام آباد کے ثالثی عمل میں اہم کرداراداکیا، چین تب ثالثی عمل میں ہونا پسند کرتا ہے جب کسی مثبت نتیجے کی امید ہو، موجودہ ثالثی عمل ایران، پاکستان، چین کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہے ۔ علاوہ ازیں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس کی نگرانی میں 26 بحری جہاز باحفاظت آبنائے ہرمز سے گزرے ہیں،ان جہازوں میں آئل ٹینکرز، کنٹینر شپس اور دیگر کمرشل جہاز شامل ہیں جو اجازت نامہ حاصل کرنے کے بعد اس آبی گزرگاہ سے گزرے ۔بدھ کے روز تقریباً 40 لاکھ بیرل تیل سے بھرے دو بڑے چینی ٹینکر بھی آبنائے سے گزر گئے ۔ گزشتہ ہفتے ، جب ٹرمپ بیجنگ میں ایک سربراہی اجلاس میں شریک تھے ، ایران نے اعلان کیا تھا کہ چینی جہازوں کیلئے قوانین نرم کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے ۔جنوبی کوریا کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ایک کوریائی ٹینکر بھی ایران کے تعاون سے آبنائے سے گزر رہا ہے۔

شپنگ مانیٹر لائڈز لسٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کم از کم 54 جہاز آبنائے سے گزرے ، جو اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلے میں تقریباً دگنی تعداد ہے ۔ جنگ سے پہلے روزانہ تقریباً 140 جہاز یہاں سے گزرتے تھے ۔ٹرمپ پر جنگ ختم کرنے کیلئے دباؤ بڑھ رہا ہے کیونکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں نومبر میں ہونے والے کانگریس انتخابات سے قبل ان کی ریپبلکن پارٹی کے لئے مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔جبکہ ٹرمپ کے بمباری دوبارہ شروع کرنے کی دھمکیوں اور کبھی امن معاہدے کے قریب ہونے کے دعوؤں کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مسلسل اوپر نیچے ہوتی رہی ہیں، اگرچہ مجموعی رجحان ہفتہ وار بنیاد پر اضافے کی طرف رہا ہے ، عالمی معیار کے ایک ماہ کے برینٹ خام تیل کے سودے بدھ کے روز تقریباً 3 فیصد کمی کے ساتھ 108 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئے ۔جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کے سودے 2.9 فیصد کمی کے ساتھ 101.10 ڈالر فی بیرل رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں