مریم نواز سے آذری وزیر اقتصادیات کی ملاقات، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم

مریم نواز سے آذری وزیر اقتصادیات کی ملاقات، مشترکہ ورکنگ گروپ قائم

سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ ، ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات پرگفتگو وزیراعلیٰ کی مائیکل جباروف کو پنجاب کے اقتصادی تبدیلی پروگرام پربریفنگ ،دورہ پاکستان کی دعوت

 لاہور(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات مائیکل جباروف نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا گیااورمشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا فیصلہ کیاگیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، زراعت، لاجسٹکس، سیاحت اور انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی، ورکنگ گروپ میں متعلقہ سرکاری اداروں اور تکنیکی ماہرین کو شامل کیا جائے گا، جو مشترکہ منصوبوں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، سرمایہ کاروں کی ہم آہنگی اور شعبہ جاتی تعاون کیلئے قابلِ عمل تجاویز تیار کرے گا۔فریقین نے انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، توانائی، زراعت اور سیاحت میں تعاون کے فریم ورک، کاروبار میں آسانی اور ریگولیٹری سہولت کاری کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چند ماہ میں سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ سیاسی خیر سگالی کو عملی اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے امکانات بھی زیر غور آئے، جس کا مقصد مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانا، تجارتی رکاوٹیں کم کرنا اور دوطرفہ تجارت میں اضافہ کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔وزیراعلیٰ نے پنجاب کے اقتصادی تبدیلی پروگرام، لینڈ یوز اصلاحات، سپیشل اکنامک زونز اور پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سمارٹ سٹیز، رئیل اسٹیٹ، ہاسپیٹلٹی، ایگری ویلیو چینز، لاجسٹکس اور آئی ٹی انفراسٹرکچر میں آذربائیجانی سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں