قیادت درست ہو تو جنریشن زی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتی : حافظ نعیم
حکومت کا کام صرف لیپ ٹاپ تقسیم کرنا نہیں،تعلیم کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنا ہے ،ریاست ذمہ داریوں میں ناکام جن لوگوں پر ٹیکس لاگونہیں ہوتا، ان سے بھی لیا جا رہا ،نوجوان کسی شخصیت کے باعث ملک سے مایوس نہ ہوں:خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی معاشی اور تعلیمی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام صرف لیپ ٹاپ تقسیم کرنا نہیں بلکہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنا ہے ، اگر قیادت درست ہو تو جنریشن زی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکتی ہے ،جن لوگوں پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا ان سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے ، مگر ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے لاہور میں بنوقابل گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام سے پٹرول، بجلی اور بنیادی ضروریات پر بھاری ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں مگر تعلیم، آئی ٹی اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے مو ثر اقدامات نہیں کئے جا رہے ،ہرلٹر پٹرول پر بھاری لیوی اور اضافی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جبکہ بجلی کے بل بھی مختلف ٹیکسوں سے بھر دئیے گئے ہیں۔
نعیم الرحمن نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کسی شخصیت کی وجہ سے ملک سے مایوس نہ ہوں کیونکہ یہ ملک جاگیرداروں اور وڈیروں کا نہیں بلکہ عوام کا ہے ۔انہوں نے ‘‘بنو قابل’’ پروگرام کو نوجوانوں کیلئے امید اور ترقی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں اس منصوبے پر تنقید کی گئی مگر آج یہ پروگرام کراچی سے پورے ملک تک پھیل چکا ہے ۔ اب تک ساڑھے 14 لاکھ سے زائد نوجوان ‘‘بنو قابل’’ پروگرام میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں،نوجوانوں کو صنعتوں سے جوڑنے کے ساتھ بلاسود قرضوں کی سکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسان ناقص پالیسیوں کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اور آئی ٹی کے فروغ کیلئے بھی کوئی جامع منصوبہ موجود نہیں۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دین اور ملک پر فخر کریں، جدید اور دینی علوم حاصل کریں اور ملک کی بہتری کیلئے کردار ادا کریں۔