پنجاب حکومت صوبوں کو آٹا، گندم فراہمی میں رکاوٹیں دور کرے : وزارت فوڈ سکیورٹی

پنجاب حکومت صوبوں کو آٹا، گندم فراہمی میں رکاوٹیں دور کرے : وزارت فوڈ سکیورٹی

گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی نہیں ،سیکرٹری فوڈ پنجاب ،تو صوبے میں آٹا مہنگا کیوں؟چیف سیکرٹری کے پی کے پنجاب آئینی طور پر پابندی نہیں لگا سکتا،مزمل اسلم ، رانا تنویر نے اعلیٰ سطح اجلاس میں اقدامات کی ہدایت کر دی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزارت فوڈ سکیورٹی نے پنجاب حکومت کو آٹے اور گندم کی دیگر صوبوں کو ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی،سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت فوڈ سکیورٹی نے کے پی کے حکومت کو واٹس ایپ نمبر دے دیا ہے جس میں آٹا اور گندم ڈیلرز پنجاب سے ترسیل کے دوران رکاوٹوں کی صورت میں ویڈیوز اور تصاویر شیئر کریں گے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کیلئے آٹے اور گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی رانا تنویرحسین اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز خوراک نے شرکت کی، مشیر خزانہ کے پی کے مزمل اسلم، اپوزیشن لیڈر کے پی کے اسمبلی ڈاکٹرعباداللہ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ گندم اور آٹے کی ترسیل پر پا بندیاں ہٹانے کیلئے وفاقی حکومت اور چیف سیکرٹری پنجاب کو متعدد بارآگاہ کیا ، کے پی کے حکومت، اپوزیشن اور گورنر کے پی کے گندم بحران پر ایک پیج پر ہیں،سیکرٹری فوڈ پنجاب نے کہا کہ ہم نے گندم اور آٹے کی ترسیل پر پا بند ی نہیں لگائی، چیف سیکرٹری نے ان سے استفسار کیا کہ پابندی نہیں لگائی تو کے پی کے میں آٹے کا ریٹ کیوں بڑھا؟،ذرائع کا کہنا ہے وفاقی رانا تنویرحسین نے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کی جائیں،اس حوالے سے مزمل اسلم نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ اجلاس میں پنجاب حکومت کوآگاہ کیا کہ وہ آئینی طور پر گندم، آٹے کی ترسیل پر پا بندی نہیں لگا سکتے ، بلوچستان میں 100کلوآٹے کی بوری کی قیمت کے پی کے کے مقابلے میں کم ہے ۔مزمل اسلم کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلے کو حل کیا جائے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں